انوارالعلوم (جلد 19)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 70 of 669

انوارالعلوم (جلد 19) — Page 70

انوار العلوم جلد ۱۹ قومی ترقی کے دوا ہم اصول انہوں نے کانگرس کی خود غرضانہ چالوں کو بھانپا اور اپنی الگ سیاسی پارٹی بنانا چاہی تو عام مسلمانوں نے یہ خیال کیا کہ کانگرس کی موجودگی میں الگ سیاسی پارٹی بنانے کی کیا ضرورت ہے۔مسلمان لیڈروں نے یہ دیکھ کر کہ قوم کے نوجوان ان کا پوری طرح ساتھ دینے کو تیار نہیں ہیں اخبارات میں بیان دینے شروع کئے۔اس وقت یہ حالت تھی کہ اخبار صرف اس وجہ سے ان کے بیان چھاپ دیتے تھے کہ یہ بڑے بڑے لوگ ہیں ان کے ناموں سے بیان چھپنے سے ہمارے اخبارات کی خوب اشاعت ہوگی اور لیڈ ر اس وجہ سے بیان دیتے تھے کہ ہمارا نام روشن ہو جائے گا مگر اس کا نتیجہ کچھ بھی نہ نکلتا تھا اور عوام الناس کانگرس کا پیچھا نہ چھوڑتے تھے مگراب چار پانچ سال سے جب مسلمانوں کے سامنے ایک مقصد رکھا گیا اور ان کو سمجھایا گیا کہ یہ مقصد ہمارے لئے مفید اور بابرکت ہے تو ان کی آنکھیں کھلیں اور انہوں نے کہا ہم اپنی الگ حکومت چاہتے ہیں اور جب انہوں نے اس بات کو اچھی طرح ذہن نشین کر لیا کہ اس مقصد کے حصول کے لئے کانگرس یا انگریز ہماری مدد نہیں کریں گے تو وہ سمجھ گئے کہ یہ کام اب ہم نے ہی کرنا ہے اور جب ایک مقصد ان کے سامنے آ گیا تو ان کے اندر بیداری پیدا ہوگئی اور وہ اس قسم کے نعرے لگانے لگ گئے کہ لے کے رہیں گے پاکستان۔مسلمانوں میں بعض لوگ ایسے بھی تھے جو سیاست سے بالکل بے بہرہ تھے اور وہ پاکستان کے معنے بھی نہ جانتے تھے لیکن یہ مقصد سامنے آنے پر وہ اس کے حصول کے لئے تل گئے اور انہوں نے سمجھ لیا کہ یہ کام ہم نے ہی کرنا ہے۔ور نہ اس سے پہلے وہ یہی سمجھتے تھے کہ جب کانگرس آزادی کے لئے لڑ رہی ہے تو ہمارے الگ ہو کرلڑنے کی کیا ضرورت ہے اور وہ کہتے تھے کہ جب کانگرس آزادی حاصل کر لے گی تو ہمیں خود بخود آزادی مل جائے گی لیکن جو نبی پاکستان کا سوال اٹھا مسلمانوں کا بچہ بچہ بیدار ہو گیا اور انہوں نے کہا ہمارے اس مقصد کے حصول میں ہندو ہماری مدد نہیں کریں گے ،سکھ ہماری مدد نہیں کریں گے، انگریز ہماری مدد نہیں کریں گے بلکہ یہ مقصد اگر حاصل ہو سکتا ہے تو ہماری اپنی قربانیوں سے ہی ہو سکتا ہے۔چنانچہ ان میں بیداری پیدا ہوتی گئی اور آخر وہ اپنے مقصد کے حصول میں کامیاب ہو گئے۔مذہبی جماعتوں کا مقصد اس سے بالکل جدا گانہ ہوتا ہے ایک مذہبی جماعت دُنیوی