انوارالعلوم (جلد 18)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 78 of 681

انوارالعلوم (جلد 18) — Page 78

انوار العلوم جلد ۱۸ اسلام کا اقتصادی نظام منصفانہ طریق ہے یہ تو صریح یکطرفہ طریق ہے اور ایسا ہی ہے جیسے کوئی شخص کسی کے باپ کے پاس جائے اور اُسے کہے کہ آپ بچے کو یہ نہ بتائیں کہ میں تمہارا باپ ہوں اور میں اُسے یہ نہیں کہوں گا کہ آپ اُس کے باپ نہیں ہیں اب بتاؤ اس کے نتیجہ میں بچہ کیا سیکھے گا؟ یہی سمجھے گا کہ وہ اس کا باپ نہیں ہے۔یا ایک شخص مدرسہ میں جا کر اُستاد سے کہے کہ آپ بچے کو یہ نہ بتائیے کہ الف ہے اور میں اُسے یہ نہیں کہوں گا کہ یہ الف نہیں۔آپ بچے کو یہ نہ بتائیے کہ یہ با ہے اور میں اُسے یہ نہیں کہوں گا کہ یہ جا نہیں۔بتاؤ اس کے نتیجہ میں الف ، با کا علم پیدا ہوگا یا جہالت پیدا ہوگی ؟ یا ایک شخص کسی کے پاس جائے اور کہے کہ تم بچے کو یہ نہ بتاؤ کہ امریکہ ایک ملک ہے اور میں اُسے یہ نہیں کہوں گا کہ امریکہ ملک نہیں ہے۔اس کا نتیجہ آخر کیا ہوگا ؟ یہی ہوگا کہ اُسے امریکہ کا علم نہیں ہو گا۔غرض کوئی بھی معقول آدمی اس سودے کو انصاف کا سودا نہیں کہہ سکتا۔اور اس کی وجہ جیسا کہ میں بتا چکا ہوں یہ ہے کہ مذہب مثبت ہے اور دہریت اگناسٹرم ہے یعنی نہ جاننے کا دعویٰ۔تعلیم کی نفی کی صورت میں اگناسٹک کا مدعا پورا ہو گیا اور نقصان صرف مثبت والے کو ہوا۔پس یہ مساوات نہیں بلکہ دھو کے بازی ہے۔اسلام وہ مذہب ہے جو دنیا کے سامنے یہ دعویٰ کرتا ہے کہ علم الانسان مالم يعلم اسے ہم انسان کو قرآن کریم کے ذریعہ وہ علوم سکھا ئیں گے جن کو وہ اس سے پہلے نہیں جانتا تھا۔پس جب کہ اسلام دعوی ہی یہ کرتا ہے کہ ہم وہ علوم تمہیں بتائیں گے جو اس سے پہلے تم نہیں جانتے تھے۔تو اگر تم کسی کو وہ علوم بتانے ہی نہیں دو گے تو تم ایک مسلمان کے برابر کس طرح ہو گئے۔تم تو اُس بے علم کو اس حالت میں لے گئے جو اسلام سے پہلے زمانہ جاہلیت کی حالت تھی اور مسلمان کو اس کے کام سے محروم کر دیا۔اسی طرح بعض اور بھی سوالات ہیں جو اس جگہ پیدا ہوتے ہیں مگر چونکہ میں اس وقت اُن سیاسی علمی اور مذہبی سوالوں کو جو اقتصادیات سے جُدا ہیں نہیں چھور ہا اس لئے میں اُن کا ذکر نہیں کرتا۔مکمل مساوات ناممکن ہے کمیونسٹ اقتصادیات کا جواثر مذاہب پر پڑتا ہے اُس کی خرابیاں بتانے کے بعد اب میں یہ بتا تا ہوں کہ یہ نظام عقلا بھی ناقص ہے۔پوری مساوات کوئی مخلص کر ہی نہیں سکتا۔صرف روپیہ ہی تو انسان کی