انوارالعلوم (جلد 18) — Page 385
انوار العلوم جلد ۱۸ ۳۸۵ اب عمل اور صرف عمل کرنے کا وقت ہے تمہارے اوقات میں کتنا حصہ خدا تعالیٰ کیلئے ہے۔تم صبح اُٹھ کر اپنے گھروں کے لئے سو داسلف خرید نے جاتے ہو، پھر اس کے بعد تم اپنے دفتروں میں کام کرنے چلے جاتے ہو، شام کو آ کر آرام سے سو جاتے ہو، اس میں ایک دو گھنٹہ نمازوں کا وقت سمجھا جا سکتا ہے گویا تم بائیس یا تیئیس گھنٹے اپنا کام کرتے ہو اور ایک دو گھنٹے دین کے کاموں اور عبادتوں کیلئے صرف کرتے ہو اب تم خود ہی سوچ لو کہ کتنا حصہ تمہارے اوقات کا اللہ تعالیٰ کے کاموں کے لئے خرچ ہوتا ہے اور کتنا اپنے کاموں میں۔پھر تم یہ بھی سمجھتے ہو کہ ہم نے جو عہد اللہ تعالیٰ سے باندھا ہے کہ ہم دین کو دنیا پر مقدم رکھیں گے اسے پورا کر رہے ہیں یہ کتنے افسوس کی بات ہے دوسری مسلمان دنیا اگر اسلام کے پھیلانے میں کوتاہی سے کام لیتی ہے تو وہ اتنی مجرم نہیں جتنے تم مجرم ہو کیونکہ تم ہی دعویٰ کرتے ہو کہ ہم خدام احمدیت ہیں اور ہمارے ذریعہ اسلام تمام دنیا پر غالب آئے گا۔خدا تعالیٰ کے کام تو ہو کر رہیں گے لیکن اگر تم نے اپنے فرائض کو سرانجام نہ دیا تو پھر تم خدا تعالیٰ کے سامنے سچے خادموں کی حیثیت میں پیش نہیں ہو سکتے کیونکہ تمہارے عمل تمہارے دعووں کو جھوٹا کر کے دکھا رہے ہوں گے۔پس اپنے اندر نیک تبدیلی پیدا کرو اور وہ تبدیلی ایسی ہو کہ ہر کس و ناکس کو معلوم ہو جائے کہ یہ لوگ اب کوئی نئی چیز بن گئے ہیں۔اب باتیں کرنے اور سنے کا وقت ختم ہو گیا ہے اب اس بات کی ضروت ہے کہ باتیں کم کی جائیں اور اپنی تنظیم کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کیا جائے۔میں دیکھتا ہوں کہ جماعت کی ترقیات کے ساتھ ساتھ مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور ہم جتنے بڑھیں گے اتنا ہی ہمیں زیادہ قربانیوں کی ضرورت ہوگی۔ہماری جماعت کے لوگ یہ شکوہ کرتے ہیں کہ ہمیں تکلیفیں دی جاتی ہیں مگر مجھے یہ شکوہ نہیں کہ لوگ اِن کو دُکھ کیوں دیتے ہیں بلکہ مجھے یہ شکوہ ہے کہ لوگ ان کو تھوڑی تکلیفیں کیوں دیتے ہیں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ دکھ اور تکلیف سے زیادہ سچا اُستاد اور کوئی نہیں۔مجھے یہ یقین ہے کہ ہم مصائب کی وجہ سے کم نہیں ہو نگے بلکہ اور زیادہ بڑھیں گے کیونکہ جب تکلیف قابل برداشت ہو تو انسان سمجھتا ہے کہ میرے اندر طاقت ہے میں اس کا مقابلہ کرلوں گا اس لئے وہ خدا تعالیٰ کی طرف زیادہ نہیں جھکتا لیکن جب چاروں طرف سے ناطقہ بند ہو جائے تو وہ بے بس ہو جاتا ہے اور سوائے خدا تعالیٰ