انوارالعلوم (جلد 17)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 36 of 695

انوارالعلوم (جلد 17) — Page 36

انوار العلوم جلد ۱۷ ۳۶ بعض اہم اور ضروری امور (۱۹۴۳) کی توفیق عطا کی اس لئے پہلے کی طرح ہر سال کا چندہ بڑھا کر ادا کروں گا۔دراصل جب میں تحریک جدید کے چندہ کا اعلان کر رہا تھا خدا تعالیٰ ۲۵ لاکھ ریز رو فنڈ کی تحریک جو پہلے کی گئی تھی اُسے کامیاب بنانے کی بنیا درکھوا رہا تھا۔میرا شروع سے ارادہ تھا کہ اس چندہ سے ریزرو فنڈ قائم کیا جائے جو تبلیغ اور سلسلہ کے دوسرے کاموں میں کام آئے۔میں نے اس روپیہ سے زمین خریدی جو ساڑھے نو ہزار ایکڑ ہے اور تحریک جدید کی ملکیت ہے یہ زمین ابھی آزاد نہیں بلکہ مقاطعہ پر ہے مگر ۰ ۸ مربع پورے طور پر آزاد ہو چکے ہیں۔ان کی ساری قیمت ادا کی جا چکی ہے اور ۱۲۰ مربع اس سال اور آزاد کرالئے جائیں گے۔۱۶۰ مربعے باقی رہیں گے اور امید ہے کہ مارچ اور اپریل تک کچھ زمین کی آمد سے اور کچھ نئے چندہ سے رقم لے کر اور زمین آزاد کرائی جا سکے گی اور کل تین سو مربعے کے قریب زمین آزاد ہو جائے گی۔اس وقت جو زمین مقاطعہ پر ہے یا جو خراب ہے وہ اگر چھوڑ دی جائے تو باقی زمین پنجاب کے ریٹ سے ۲۵ لاکھ کی اور وہاں کے ریٹ سے سترہ اٹھارہ لاکھ کی ہے اور امید ہے کہ خدا تعالیٰ کا فضل ہو تو ۲۵ لاکھ کی پہلی قسط اور دو تین سال میں ہم جمع کر لیں گے۔اس کے بعد دوسرے ۲۵ لاکھ کیلئے کوشش شروع کر دیں گے یہاں تک کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے ہر صوبہ بلکہ ہر ضلع میں ایسا مشن قائم کر دیا جائے گا کہ ہر زبان جاننے والے مبلغوں اور ہر زبان کیلئے ٹریکٹوں کے ذریعہ تبلیغ کرے۔عیسائیوں کے اس وقت ساٹھ ہزار مشنری کام کر رہے ہیں۔میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے رویا کے یہ معنی سمجھتا ہوں کہ آپ نے ایک لاکھ سپاہی مانگے۔مگر آپ سے کہا گیا کہ پانچ ہزار دیئے گئے ہیں۔اس کے یہ معنی ہیں کہ پانچ ہزار چندہ دینے والوں سے پہلے فنڈ قائم کیا جائے گا پھر پانچ ہزار مبلغوں سے دوسرا قدم اُٹھایا جائیگا اور پھر ایک لاکھ مبلغوں سے تیسرا قدم اُٹھایا جائے گا۔گو یا کم از کم ساٹھ کروڑ روپیہ خرچ کیا جائے گا اور یہ دس ارب روپیہ کے فنڈ سے حاصل ہوگا۔دنیا کی کسی قوم نے اس قدر ریز رو فنڈ جمع نہیں کیا مگر یہ تو خدا تعالیٰ جمع کرنے والا ہے۔پھر یہ ایک لاکھ مبلغ ایسے ہونگے جو اپنا سارا وقت خدمت دین اور تبلیغ احمدیت میں خرچ کریں گے ورنہ یوں تو سب کے سب احمدی مبلغ ہیں۔