انوارالعلوم (جلد 17)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 370 of 695

انوارالعلوم (جلد 17) — Page 370

انوار العلوم جلد ۱۷ میری مریم آخری گھڑیوں میں درخواست کی تھی کہ مریم میری محبت کو بھول جاؤ خدا تعالیٰ ہی ہمارا پیارا ہے پس اُسی کو یا درکھو ، اب میں اس کی سفارش کرتی ہوں کہ اس کے دل سے میری وہ محبت جو اُس نے تجھ سے دعا کر کے لی تھی اب واپس لے لے نہ اس قدر کہ وہ میرے لئے دعاؤں میں غافل ہو جائے بلکہ وہ محبت جو اس کے دل میں تشویش پیدا کرنے والی ہواور اس کے کام میں روک بننے والی ہو۔ساری جماعت کیلئے جامع دعا اے میرے رب! تو کتنا پیارا ہے۔نہ معلوم میری موت کب آنے والی ہے اس لئے میں آج ہی اپنی ساری اولا داور اپنے سارے عزیز واقارب اور ساری احمد یہ جماعت تیرے سپرد کرتا ہوں۔اے میرے رب ! تو ان کا ہو جا اور یہ تیرے ہو جائیں۔میری آنکھیں اور میری روح ان کی تکلیف نہ دیکھیں ، یہ بڑھیں اور پھلیں اور پھولیں اور تیری بادشاہت کو دنیا میں قائم کر دیں اور نیک نسلیں چھوڑ کر جو ان سے کم دین کی خادم نہ ہوں تیرے پاس واپس آئیں۔خدایا ! صدیوں تک تو مجھے اِن کا دکھ نہ دکھا ئیو اور میری روح کو ان کے لئے غمگین نہ کیجیوا اے میرے رب ! میری امتہ الحی اور میری سارہ اور میری مریم پر بھی اپنے فضل کر اور اُن کا حافظ و ناصر ہو جا اور اُن کی ارواح کو اگلے جہان کی ہر وحشت سے محفوظ رکھ۔اَللَّهُمَّ امِيْنَ اے مریم کی روح ! اگر خدا تعالیٰ تم تک میری آواز پہنچا دے تو آخری درد بھرا پیغام لو یہ میرا آخری درد بھرا پیغام سن لو اور جاؤ خدا تعالیٰ کی رحمتوں میں جہاں غم کا نام کوئی نہیں جانتا ، جہاں درد کا لفظ کسی کی زبان پر نہیں آتا ، جہاں ہم ساکنین ارض کی یاد کسی کو نہیں ستاتی۔وَالسَّلَامُ وَ آخِرُ دَعْوَتَنَا وَ دَعُونَكُمُ اَنِ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَلَمِينَ أَبْكِي عَلَيْكِ كُلَّ يَوْمٍ وَلَيْلَةٍ اَرْثِيكِ يَا زَوْجِئ بِقَلْبِ دَامِي میں تجھ پر ہر دن اور ہر رات روتا ہوں۔اے میری بیوی! میں تیری وفات کا افسوس خون بہانے والے دل سے کرتا ہوں۔