انوارالعلوم (جلد 17) — Page 152
انوار العلوم جلد ۱۷ ۱۵۲ دعوی مصلح موعود کے متعلق پر شوکت اعلان کہ یہ رستہ اختیار کرنا اللہ تعالیٰ کا منشا ہے۔غرض میں اُس رستے پر چلتا چلا جاتا ہوں۔اسی دوران مجھے خیال آیا کہ اس واقعہ کے متعلق جو پیشگوئی کی گئی تھی اس میں یہ بھی ذکر تھا کہ اس کے بعد ایک جھیل آئے گی وہ جھیل کہاں ہے؟ جب مجھے یہ خیال آیا تو یکدم میں کیا دیکھتا ہوں کہ میرے سامنے ایک جھیل ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ میرے لئے اس جھیل کو پار کرنا ضروری ہے۔اُس وقت میں نے دیکھا کہ جھیل پر کچھ کشتی نما چیزیں تیر رہی ہیں جن پر بعض لوگ سوار ہیں۔خواب میں میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ بُت پرست قوم ہے اور یہ لوگ جن پر سوار ہیں ان کے بت ہیں اور اُس وقت یہ لوگ اپنے سالانہ تہوار پر بتوں کو نہلانے کی غرض سے مقررہ گھاٹ کی طرف لے جا رہے ہیں۔میں نے جب اُس جھیل کو عبور کرنے کا اور کوئی طریق نہ دیکھا تو جھٹ کو دکر ایک بُت پر سوار ہوا تو اردگرد کے لوگوں نے ایسے کلمات کہنے شروع کر دیئے جن سے ان کے بتوں کی عظمت ظاہر ہوتی تھی۔میں نے اُس وقت اپنے دل میں کہا کہ میرا اس وقت خاموش رہنا غیرت کے خلاف ہے۔چنانچہ میں نے تو حید کی دعوت اُن لوگوں کو دینی شروع کی اور بڑے زور سے میں نے شرک کی بُرائیاں بیان کیں۔اُس وقت خواب میں میں یہ محسوس کرتا ہوں کہ میری زبان اُردو نہیں بلکہ عربی ہے اور عربی میں ہی میں انہیں تو حید کی تعلیم دے رہا ہوں۔اتنے میں میں کیا دیکھتا ہوں کہ میری اس تقریر سے متاثر ہو کر بعض مجاوروں کے دلوں میں تو حید پر ایمان پیدا ہونا شروع ہوا اور وہ یکے بعد دیگرے مجھ پر ایمان لاتے چلے گئے مگر میں نے اپنی تبلیغ جاری رکھی یہاں تک کہ میں نے اُن سے کہا جب اس جھیل کا کنارہ آئے گا تو تمہارے یہ بُت اس پانی میں غرق کئے جائیں گے اور خدائے واحد کی حکومت دنیا میں قائم کی جائے گی۔غرض اسی طرح میں تبلیغ کرتا چلا گیا۔جب ہم جھیل کے دوسری طرف پہنچ گئے تو میں نے اُن کو حکم دیا کہ ان بتوں کو پانی میں غرق کر دو اور اُن سب نے میرے اس حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ان بتوں کو جھیل میں غرق کر دیا۔اس کے بعد میں پھر کھڑا ہو گیا اور انہیں تبلیغ کرنے لگ گیا۔اُس وقت مجھے محسوس ہوا کہ وہ لوگ خدائے واحد پر ایمان لاتے چلے جاتے ہیں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کو تسلیم کرتے جارہے ہیں مگر قوم کا کچھ حصہ ابھی ایمان نہیں لایا۔اُس وقت میں اُنہی میں سے ایک شخص کو جس کا اسلامی نام میں نے عبدالشکور