انوارالعلوم (جلد 16) — Page 99
سیر روحانی (۲) انوار العلوم جلد ۱۶ ابھی زندہ تھا اُس نے دنیا کو پکار کر کہہ دیا کہ اس حملہ سے میرا قلعہ محفوظ رہے گا، گولہ باری سے تھوڑا صدمہ پہنچے تو پہنچے مگر اس قلعہ کو اس حملہ آور کا حملہ کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔چنانچہ ایسا ہی ا ہوا۔یہ حملہ آور بڑھا اور قادیان پر حملہ آور ہو ا کئی سال تک اس نے متواتر حملہ پر حملہ کیا مگر ناکام رہا یہ قلعہ محفوظ رہا اور دشمن سے دشمن نے بھی اس قلعہ کی حفاظت کا اقرار کیا۔یہ حملہ آور مرضِ طاعون تھا جس کے حملوں سے حفاظت کی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے پہلے سے خبر دیدی۔احمدی نوجوانوں سے خطاب اب میں احمدی نو جوانوں سے کہتا ہوں کہ اس قلعۂ عظیمہ کی حفاظت کا کام ان کے سپرد ہوا ہے انہیں یہ امرا چھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ وہ محض ایک جماعت کے فرد نہیں بلکہ خانہ کعبہ کی حفاظت کے لئے اس کے ارد گرد جو قلعے بنائے گئے ہیں اس کے وہ سپاہی ہیں۔پس اے عزیز و! جس طرح قلعہ پر جب دشمن حملہ آور ہو تو فوج کا فرض ہوتا ہے کہ وہ اس کے حملوں کی مدافعت کرے اور اس کی گولیاں اپنے سینوں پر کھائے اسی طرح اے احمدی نوجوانو! تم آگے بڑھو اور دجالی سنگینوں کو اپنے سینوں پر روکتے ہوئے کعبہ کے دشمنوں پر حملہ آور ہو۔یاد رکھو! خدائے قہار تمہارا کما نڈر ہے اور شیطانی فوجیں حملہ آور ہیں۔پس اس قدیم صداقت کے دشمن کو کچلتے اور اپنے پاؤں تلے مسلتے ہوئے آگے بڑھو اور اس کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دو تا کہ پھر کعبہ کے قلعہ کی طرف کوئی بُری نگاہ سے نہ دیکھ سکے اور یہ گڑھی جو اس قلعہ کی حفاظت کے لئے اللہ تعالیٰ نے بنائی ہے اپنے وجود کی ضرورت کو دنیا سے منوا لے اور لوگ تسلیم کرنے پر مجبور ہوں کہ فی الواقع یہ زمین ارضِ حرم کا ہی حصہ ہے کیونکہ وہ جس نے حرم کی حفاظت کی وہ حرم ہی کا حصہ ہے وہ جس کی رگوں میں ماں کا خون دوڑ رہا ہوتا ہے وہی ماں کی حفاظت کرتا ہے اور جو ماں پر حملہ ہوتے ہوئے خاموش رہتا ہے وہ ہرگز حلال کا بچہ نہیں ہوتا اور نہ اُس کا لڑکا کہلانے کا مستحق ہوسکتا ہے۔پس دنیا کے اعتراضوں کی پرواہ مت کرو، تمہارے سپر د خدا تعالیٰ نے خانہ کعبہ اور اسلام کی حفاظت کا کام کیا ہے پس تم دلیری دکھاؤ اور جرات سے کام لو۔خدا تمہارے آگے چل رہا ہے اور اُس کی فوجیں تمہارے دائیں اور بائیں ہیں جس دن تم ہمت کر کے دشمن کے مقابلہ کے لئے نکل کھڑے ہو گے اُس دن خدا تمہارے لئے وہی نشان دکھائی گا جو اُس نے ابرہہ کے لشکر کے لئے دکھایا۔