انوارالعلوم (جلد 16)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 10 of 641

انوارالعلوم (جلد 16) — Page 10

انوار العلوم جلد ۱۶ جنس بدل جاتی ہے؟ مستورات سے خطاب عام طور پر خاندانوں میں کوئی بچہ کلرک ، کوئی مدرس اور کوئی پٹواری ہوتا ہے اور باپ کا کام اور ہوتا ہے بیٹے کا اور۔اور پٹواری بھی مرد کہلاتا ہے ، ڈاکٹر بھی مرد کہلاتا ہے، تجارت کرنے والا بھی مرد کہلاتا ہے اسی طرح عورتوں میں دھوبن ، نائن ہوتی ہے۔اب دھو بن بھی عورت ہے اور نائن بھی عورت۔یہ تو نہیں ہوتا کہ دھو بن اور نائن ہونے سے وہ عورت نہیں رہتیں۔اسی طرح ایک نوکر ہوتا ہے ایک آقا۔تو کاموں کے فرق کی وجہ سے جنس نہیں بدلتی۔مردوں کے پیشوں میں بھی فرق ہے اور عورتوں کے کاموں میں بھی فرق ہے۔وہ دونوں آدمی ہیں صرف کام الگ الگ ہیں۔یہ مسئلہ اگر عورتیں سمجھ لیں تو وہ اپنے حقوق کی خود ہی حفاظت کر نے لگ جائیں۔اگر ان کو یہ خیال ہو کہ ہم بھی آدمی ہیں اور مرد بھی انہیں آدمی سمجھنے لگ جائیں تو کسی کی طرف سے ایک دوسرے کے حقوق غصب نہ ہوں۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ کاموں کے لحاظ سے مردوں اور عورتوں میں فرق ہے لیکن خدا تعالیٰ نے عقائد میں کوئی فرق نہیں رکھا۔سب سے بڑا عقیدہ یہ ہے کہ اُعْبُدُوا اللهَ وَلَا تُشْرِكُوا بِهِ شَيْئاً خدا تعالیٰ پر ایمان لاؤ اور اس کا کوئی شریک نہ ٹھہراؤ۔اب کیا مردوں کو یہ حکم ہے عورتوں کو نہیں ؟ اسی طرح ملائکہ پر ایمان لانا ہے جس طرح مردوں سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرشتوں پر ایمان لاؤ اسی طرح عورتوں سے بھی یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ فرشتوں پر ایمان لاؤ۔تیسری بات الہام یعنی اللہ تعالیٰ کی کتابوں پر ایمان لانا ہے۔نبیوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ اے مردو! یہ کام کرو بلکہ انہوں نے یہی کہا کہ اے مردو اور اے عورتو! یہ کام کرو۔پھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب تشریف لائے تو آپ نے بھی یہی فرمایا کہ اے مردو اور عورتو! یہ کام کرو۔بلکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے زمانہ میں سب سے پہلے ایمان لانے والی ایک عورت ہی تھیں۔چنانچہ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پہلی مرتبہ الہام ہوا تو آپ بہت گھبرائے اور اُمّ المؤمنین حضرت خدیجہ سے گھبراتے ہوئے کہا کہ میں یہ کام کس طرح کروں گا مجھے تو سخت فکر لگ گیا ہے۔حضرت خدیجہ نے جواب دیا كَلَّا وَاللهِ لَا يُخْزِيكَ اللهُ اَبَدًا۔خدا کی قسم اللہ تعالیٰ آپ کو کبھی ضائع نہیں کرے گا۔یہ کس طرح ہو سکتا ہے کہ خدا تعالیٰ آپ کے سپرد اتنا بڑا کام کرے اور پھر آپ کو رسوا کر دے۔آپ مہمان نواز ہیں ، رشتہ داروں سے نیک سلوک کرتے ہیں وہ ضرور آپ کی مدد کرے گا۔تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سب سے پہلے ایمان لانے والی ایک عورت ہی تھی۔غرض انبیاء جب کبھی