انوارالعلوم (جلد 16)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 391 of 641

انوارالعلوم (جلد 16) — Page 391

انوار العلوم جلد ۱۶ خدام الاحمدیہ مقامی کی ریلی سے خطاب کی غرض یہ ہوتی ہے کہ جتنی طاقت استعمال کرنے کی ضرورت ہو اتنی طاقت استعمال کی جائے یعنی نہ تو ضرورت سے زیادہ طاقت خرچ کی جائے اور نہ ضرورت سے کم۔دوسری غرض تنظیم کی یہ ہوتی ہے کہ بعض دفعہ امداد کی فوری ضرورت ہوتی ہے اور اس قسم کے موقع پر بغیر تنظیم کے آدمی جمع کرنے مشکل ہوتے ہیں جب کسی کو یہ علم ہی نہ ہو کہ میں کیس کے پاس جاؤں اور کسے بلاؤں اور پھر اسے یہ بھی خیال ہو کہ میں اگر کسی کو کہوں تو نہ معلوم وہ میری بات مانے یا نہ مانے تو وہ کیسے لوگوں کو جمع کر سکتا ہے، لیکن خدام الاحمدیہ کی تنظیم کے ماتحت ایک گروپ لیڈر فوراً اپنے گروپ کے دس آدمیوں کو بلا سکے گا اور اُسے یقین ہوگا کہ وہ میری آواز پر اپنے تمام کام چھوڑ کر چلے آئیں گے۔اور جس جگہ جانے کے لئے انہیں کہا جائے گا وہاں پہنچ جائیں گے۔اسی طرح اگر کسی کام کے لئے پچاس آدمیوں کی ضرورت ہوگی تو بجائے اس کے کہ پچاس آدمیوں کے پاس ایک شخص پہنچے صرف پانچ آدمیوں کو جو گروپ لیڈر ہوں گے کہہ دیا جائے گا کہ وہ اپنے اپنے گروپ لے کر فلاں مقام پر پہنچ جائیں اس طرح جس کام کے لئے ان کی مدد کی ضرورت ہوگی وہ فوری طور پر سرانجام دیا جا سکے گا مگر یہ فائدہ ہم سبھی حاصل کر سکتے ہیں جب اس طرز پر کام کرنے کی لوگوں کو عادت ڈالی جائے مگر آج مجھے نہایت ہی افسوس کے ساتھ معلوم ہوتا ہے کہ گروپوں کی تنظیم تک مکمل نہیں ہے اور گروپ کے ممبر بجائے ایک جگہ اکٹھے بیٹھنے کے ادھر اُدھر پھیل کر بیٹھے ہوئے تھے یہ بات تنظیم کے بالکل خلاف ہے اور اگر دشمن کسی مقام پر اچانک حملہ کر دے تو ایسی تنظیم کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکتی۔فرض کرو کہیں رات کو حملہ ہو جاتا ہے یا کسی جگہ آگ لگ جاتی ہے اور گروپ لیڈر کو کہا جاتا ہے کہ اپنے گروپ کو وہاں لے جاؤ تو اگر تنظیم درست ہو تو وہ فوراً انہیں ساتھ لے کر وہاں پہنچ جائے گا لیکن اگر وہ منظم نہ ہو بلکہ کوئی کہیں اور کوئی کہیں تو وہ اسی تلاش میں رہے گا کہ میرا فلاں ممبر کہاں ہے اور فلاں کہاں ؟ اور جتنی دیر میں وہ اپنے گروپ کو اکٹھا کر یگا اتنی دیر میں ممکن ہے آگ اپنا کام کر جائے یا دشمن اپنے حملہ میں کامیاب ہو جائے۔میں نے اسی نقص کو دیکھ کر کہ لوگ متفرق طور پر بیٹھے ہوئے ہیں اپنے اپنے گروپ میں نہیں ، تین منٹ کا وقت دیا تھا کہ اس عرصہ میں وہ اپنے گروپوں میں چلے جائیں حالانکہ یہ بہت زیادہ وقت تھا دراصل ایک منٹ کے اندر اندر ہر شخص کو اپنے گروپ میں چلے جانا چاہئے تھا مگر باوجود اس کے کہ میں نے تین منٹ کا وقت دیا پھر بھی بعض لوگ اپنے گروپ میں نہیں گئے حالانکہ موجودہ زمانہ کے سامانوں کے لحاظ سے تین منٹ کے اندر اندر قادیان جیسا قصبہ آدھا یا پورا جلایا جا سکتا ہے۔پس