انوارالعلوم (جلد 16) — Page 442
انوار العلوم جلد ۱۶ مستورات سے خطاب سے غریب آدمی بھی شاندار کالج تیار کر سکتے ہیں۔یہاں سکول کا ۲۶،۲۵ ہزار خرچ ہے یہ کوئی اکیلا امیر آدمی خرچ نہیں کر رہا بلکہ تم میں سے ہی وہ مرد ہیں جن کی چار روپے آمد ہے اور وہ پیسہ پیسہ دے رہے ہیں۔اکٹھے کاموں کے لئے ضرورت ہوا کرتی ہے جماعت کی ، اس کے لئے یہ قانون ہم نے بنایا ہے کہ جہاں کہیں بھی احمدی عورتیں ہیں وہاں لجنہ اماء اللہ بنالیں۔لجنہ اماءاللہ کے معنے ہیں اللہ کی نیک بندیوں کی انجمن “ لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ابھی تک ہر جگہ انجمنیں قائم نہیں ہوئیں۔جہاں لجنہ قائم ہو وہاں کی ہر عورت ممبر ہوگی اور ہر عورت یہ اقرار کرے کہ خدا کے دین کو پھیلانے کے لئے میں مرجاؤں گی ، سر دے دوں گی لیکن پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ہفتہ میں ایک یا دو دن وقف کر دے بجائے اس کے ہمسایہ کی غیبت کرو دین کی باتیں کرو۔آپس میں نیک مشورے کرو۔میں نے بارہا توجہ دلائی ہے کہ تم اپنے قومی کام کیسے کر سکتی ہو جب تمہارے پاس ہتھیار نہیں لجنہ اماء اللہ تمہارے لئے ہتھیار ہے اجتماعی کام تم کس طرح کر سکتی ہو جب تک تم مل کر کام نہیں کرتیں۔کوشش تو یہ کرنی چاہئے کہ پانچوں نمازوں میں سے ایک نماز باجماعت ادا کرو۔اگر تم با جماعت نماز پڑھو گی تو بہت ممکن ہے کہ تمہارا یہی ثواب تمہیں جنت میں لے جانے کا موجب ہو جائے۔اسی طرح تم اقرار کرو کہ ہم اپنے بچوں کو کہیں گی کہ تم دلیر بنو، انہیں سچ بولنا سکھائیں گی ، نماز سکھائیں گی یا اسی طرح مثلاً یہ نیکیاں کہ اُن کے متعلق فیصلہ کرو۔تعلیم کے لئے کوئی اُستاد رکھو کہ وہ دین سکھائے یہ سارے کام ایسے ہیں جو تم مل کر کر سکتی ہو۔اسی طرح قرآن کریم کا ترجمہ ہے اکٹھی ہوئیں ایک رکوع با ترجمہ سنا دیا عورتوں کے فائدے کیلئے اخبار مصباح جاری ہے چندہ اکٹھا کر کے منگواؤ اور جلسوں میں پڑھ کر سُنا دیا کرو اسی طرح چندہ اکٹھا کر کے کبھی بخاری منگوالی یا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کوئی کتاب منگوالی تا تمہاری تبلیغ وسیع ہو جائے ، تمہاری تعلیم وسیع ہو جائے اور اچھی اچھی باتیں دوسروں کو سنانے کا موقع مل جائے۔اسی طرح اخبار الفضل منگوا لیا تا قادیان کے حالات تمہیں معلوم ہوتے رہیں خدا تعالیٰ نے تمہیں جماعت دی ہے جماعت سے فائدہ اُٹھانے کی کوشش کرنی چاہئے پس اگلے سال تک کوئی جماعت ایسی نہ رہ جائے جہاں لجنہ کا قیام نہ ہو۔لجنہ کے لئے کام یہ ہے۔اوّل: - تھوڑا تھوڑا ہر ایک اپنی توفیق کے مطابق چندہ دے اور چندہ جمع کر کے مصباح منگوا ئیں۔