انوارالعلوم (جلد 15)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 377 of 675

انوارالعلوم (جلد 15) — Page 377

انوارالعلوم جلد ۱۵ مستورات سے خطاب موقع پر مؤمن پوری طرح متوجہ رہتے ہیں مگر تم میں سے بعضوں کی یہ حالت ہوتی ہے کہ ادھر نماز میں مصروف ہوئیں اور اُدھر تمہارا دماغ شامی کباب کا نسخہ تیار کرنے لگا یا کسی اور دنیاوی کام کو سوچنے میں مصروف ہو گیا۔غرض بہت سی عورتوں میں یہ مرض ہوتا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے ایک دفعہ عورتوں میں روزانہ لیکچر دینے شروع کئے۔ایک دن کسی نے عرض کیا کہ حضور پوچھئے تو سہی یہ مجھی کیا ہیں۔آپ نے ایک عورت کو بلا کر پوچھا وہ برا بر پندرہ روز سے لیکچر سن رہی تھی مگر کہنے لگی یہی نماز روزہ کی باتیں ہوئی ہوں گی۔یہ سن کر آپ نے لیکچر ہی بند کر دئیے۔تو عورتیں بہت کم توجہ سے سنتی ہیں لیکن اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ایمان کی علامت یہ ہے کہ تم توجہ سے خدا تعالیٰ کی باتیں سنو۔پھر فرمایا۔مؤمن کی علامت یہ ہے کہ والّذينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِن ازْوَاجِنَا وَذُرِّيَّتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ اِما ما ہر انسان کی فطرت میں اللہ تعالیٰ نے یہ بات رکھی ہے کہ وہ بڑائی چاہتا ہے۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ہم تمہاری اس فطرت سے آگاہ ہیں اور ہم بھی چاہتے ہیں کہ تمہیں بڑائی مل جائے مگر اس کے حصول کا ذریعہ یہ ہے کہ تم اپنے لئے امام بننے کی دعا کرتے رہا کرو۔اس میں بتایا کہ مؤمن کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر راضی نہیں رہنا چاہئے بلکہ لیڈر اور امام بننے کی خواہش کرنی چاہئے۔مگر کس کا امام ؟ متقیوں کا امام غیر متقیوں کا نہیں۔ممکن ہے تمہیں خیال پیدا ہو کہ ہر شخص کس طرح لیڈر اور امام بن سکتا ہے۔سو میں بتا تا ہوں کہ اس سے مرد اور عورتیں دونوں حصہ لے سکتے ہیں۔مرد اگر کوشش کرے کہ میری بیوی سمجھدار ہو، اس کو اعلیٰ ترقیات حاصل ہو جائیں ، تو جب وہ تمہارے تابع چلے گی تو تم امام ہو گے اور بیوی ما موم۔اسی طرح اگر بیوی اپنی اولاد کی اعلیٰ تربیت کرے تو وہ امام ہو گی اور اولاد ما موم اور اولاد کے نیک کام بھی تمہاری طرف ہی منسوب کئے جائیں گے۔تم قبر میں سو رہی ہوگی مگر جب تمہارے بچے صبح کی نماز پڑھیں گے تو فرشتے لکھ رہے ہوں گے کہ اس بی بی نے صبح کی نماز پڑھی تم قبر میں سو رہی ہوگی اور فرشتے لکھ رہے ہوں گے کہ اس بی بی نے ظہر کی نماز پڑھی تم قبر میں سو رہی ہوگی اور فرشتے لکھے رہے ہوں گے کہ اس بی بی نے عصر کی نماز پڑھی۔چاروں طرف خاموشی ہو گی ، تارے جگمگا رہے ہوں گے، لوگ سو رہے ہوں گے، لیکن اگر تم نے اپنی اولا د کو تہجد کی عادت ڈالی ہو گی تو فرشتے لکھ رہے ہوں گے کہ اس نے تہجد کی نماز پڑھی۔کتنی عظیم الشان ترقی ہے جو تم حاصل کر سکتی ہو۔