انوارالعلوم (جلد 15) — Page ii
بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ پیش لفظ اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان اور اُس کی دی ہوئی توفیق سے فضل عمر فاؤنڈیشن کو سید نا حضرت خلیفہ المسیح الثانی المصلح الموعود کی حقائق و معارف سے پُر سلسلہ تصانیف’انوار العلوم“ کی پندرہویں جلد احباب جماعت کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل ہورہی ہے۔فَالْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى ذَالِكَ اللہ تعالیٰ نے اپنی جناب سے سید نا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کو عظیم موعود فرزند کی پیش خبری عطا فرمائی۔اس پر شوکت اور عظیم پیشگوئی کی باون علامتوں میں یہ خبر بھی دی گئی تھی کہ :۔۔۔۔۔۔۔۔وہ سخت ذہین و نیم ہوگا۔اور علوم ظاہری و باطنی سے پر کیا جائے گا“۔سید نا حضرت المصلح الموعود کی ذہانت و فطانت اور آپ کے تبحر علمی کا ایک روشن و بتین اظہار انوارالعلوم کی جلدات کی صورت میں بھی ہو رہا ہے۔حضرت مصلح موعود خلیفتہ المسیح الثانی نے اپنی خدا داد علمی صلاحیتوں سے نہ صرف احباب جماعت کی راہنمائی فرمائی بلکہ دوسری قوموں نے بھی آپ کے فیض سے برکت حاصل کی۔حضور نے اپنی تقریر وتحریر میں احباب جماعت کی علمی ، روحانی، اخلاقی ، معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے تفصیل سے روشنی ڈالی ہے نیز جماعت کے پیغام کو دنیا کے کناروں تک پہنچانے کے لئے سعی کے ساتھ ساتھ قدم قدم پر احباب جماعت کی راہنمائی فرمائی اور جماعت کے خلاف بر پا ہونے والی شورشوں اور جھوٹے پراپیگنڈے کو بھی دلائل قاطعہ کے ساتھ رد فرمایا۔