انوارالعلوم (جلد 14)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 125 of 642

انوارالعلوم (جلد 14) — Page 125

انوار العلوم جلد ۱۴ تحریک جدید کے مقاصد اور ان کی اہمیت جا سکتا ہے کہ اگر صدرانجمن کے چندوں میں کمی آئی ہے تو تحریک جدید کے چندہ میں زیادتی ہوئی ہوگی۔مگر صدر انجمن کے چندوں کی تو یہ حالت ہے کہ اس میں دسمبر کے مہینہ میں گذشتہ سال کے مقابلہ میں دس ہزار کی کمی ہے۔اور ادھر تحریک جدید میں پچھلے سال اس وقت تک ہیں ہزار روپیہ جمع ہو گیا تھا مگر اس سال صرف ساڑھے پانچ ہزار روپیہ جمع ہوا ہے۔یہ وہی ہر دلعزیز والی بات ہے کہ ہر کام میں حصہ لیا مگر کسی کام کو بھی مکمل نہ کیا۔پس میں پھر دوستوں کو توجہ دلاتا ہوں کہ جو دوست اپنے دوسرے چندہ کو تحریک جدید کے چندہ میں منتقل کرتے ہیں وہ سلسلہ کو کوئی فائدہ نہیں پہنچاتے۔یہ صدرانجمن کا حق ہے کہ وہ استثنائی حالات میں کسی خاص شخص کی مجبوریوں کو دیکھتے ہوئے اسے مستقل چندہ دوسری طرف منتقل کرنے کی اجازت دیدے۔مگر آپ لوگوں کو اختیار نہیں کہ خود بخود مستقل چندے ادھر منتقل کر دیں۔اور جو لوگ اس قسم کا طریق اختیار کئے ہوئے ہیں وہ سلسلہ کو بجائے فائدہ کے نقصان پہنچاتے ہیں۔پس دوستوں کو اچھی طرح یادرکھنا چاہئے کہ تحریک جدید میں صرف انہی لوگوں کا چندہ لیا جائے گا جو اپنے بقائے ادا کریں گے اور مستقل چندہ بھی پوری طرح دیں گے۔وہ لوگ جنہوں نے تحریک جدید کے دوسرے سال کا چندہ لکھوا دیا ہے مگر وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بقائے ادا نہیں کر سکیں گے اور نہ مستقل چندہ ادا کر سکیں گے وہ اب بھی اپنا وعدہ واپس لے لیں۔قربانی وہی کرے جو کر سکتا ہے اور اتنی کرے جتنی کر سکتا ہے۔جو شخص قربانی کرنا نہیں چاہتا مگر اپنا نام پیش کر دیتا ہے ، وہ منافقت سے کام لیتا ہے۔اور جو شخص قربانی ہی نہیں کر سکتا مگر پھر بھی اپنا نام پیش کر دیتا ہے، وہ بیوقوفی سے کام لیتا ہے۔بعض لوگ ان مختلف تحریکات کو سُن کر کہہ دیا کرتے ہیں کہ اس قدر چندہ آئے کہاں سے جبکہ دینے والے وہی لوگ ہیں جو پہلے دیا کرتے تھے۔میرے سامنے تو کوئی نہیں کہتا لیکن پس پردہ بعض لوگ اس قسم کی باتیں کہہ دیا کرتے ہیں۔میں ان لوگوں کو سمجھانے کیلئے کہتا ہوں کہ تحریک جدید کا چندہ نفلی اور طوعی ہے۔اور اس کا دینا ہر شخص کی اپنی مرضی پر منحصر ہے۔پس جبکہ یہ چندہ طوعی ہے اور اس کا ادا کرنا ہر شخص کی مرضی پر موقوف ہے تو مرضی والا چندہ اس کے فرض چندہ کے راستہ میں روک کس طرح بن سکتا ہے۔میں اعلان کر چکا ہوں کہ وہی شخص اس چندہ میں حصہ لے جو پہلے فرضی چندہ ادا کرے بلکہ فرضی چندوں کے بقائے بھی دے۔پس جبکہ میں نے یہ شرط رکھی ہے کہ وہی شخص تحریک جدید کے چندہ میں حصہ لے جو مستقل چندوں اور ان کے بقاؤں کو ادا کرے تو جو شخص سب چندے ادا کر کے اس تحریک میں حصہ لیتا ہے اس