انوارالعلوم (جلد 14) — Page 517
انوار العلوم جلد ۱۴ مصری صاحب کے خلافت سے انحراف کے متعلق تقریر زمانہ میں جب آپ جموں میں ملازم تھے آپ کو لکھا کہ اپنی آمد کا چوتھا حصہ جمع کرتے جائیں۔پس ہر شخص کے پاس کچھ نہ کچھ روپیہ جمع ہونا چاہئے کیونکہ ایسے کئی مواقع پیش آتے ہیں جب کہ روپیہ کی سخت ضرورت ہوتی ہے اور اگر روپیہ پاس نہ ہو تو کئی قسم کے خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔پس دوستوں کو چاہئے کہ تحریک جدید کے امانت فنڈ میں حصہ لیں۔اس فنڈ میں روپیہ جمع کرانے کی وجہ سے کئی دوست ہمارے بے حد ممنون ہوئے ہیں کیونکہ اس عرصہ میں اچانک انہیں بعض سخت مشکلات پیش آگئیں اور انہوں نے ہمیں لکھا کہ اگر آج ہمیں روپیہ نہ ملا تو ہماری تباہی میں کوئی بہ نہیں۔چنانچہ گوامانت فنڈ کیلئے تین سال کی شرط تھی مگر جب ہمیں معلوم ہوا کہ انہیں حقیقی ضرورت در پیش ہے تو ہم نے ان کا روپیہ فوراً ادا کر دیا اور اس طرح وہ بڑی بڑی مصیبتوں سے بچ گئے۔پس دوستوں کو اس فنڈ کی طرف توجہ کرنی چاہئے اور جو دوست ماہوار کچھ روپیہ جمع کرا سکتے ہوں انہیں بالالتزام روپیہ جمع کراتے رہنا چاہئے تا کہ ضرورت پر ان کے کام آ سکے۔مصری صاحب نے میرے خلاف جو فتنہ اُٹھایا ہے، اس کے تفصیلی حالات اخبارات میں آچکے ہیں میں ان حالات کے متعلق کچھ نہیں کہنا چاہتا۔میں صرف ان کے ایک اشتہار کے بارہ میں کچھ کہنا چاہتا ہوں جو انہوں نے آج ہی یعنی ۲۷۔دسمبر ۱۹۳۷ء کو شائع کیا ہے اور جس میں انہوں نے اپنا پر انا مطالبہ پھر دُہرایا ہے کہ ایک کمیشن مقر ر کیا جائے جو تمام الزامات کی تحقیق کرے۔یہ امر ہر معقول آدمی آسانی کے ساتھ سمجھ سکتا ہے کہ جب کسی معاملہ کے تصفیہ کی طرف توجہ کی جائے تو ہمیشہ وہ طریق اختیار کرنا چاہئے جس سے زیادہ سے زیادہ جھگڑے کا فیصلہ کم سے کم وقت میں ہو جائے۔اُس طریق کو اختیار کرنا عقلمندی ہی نہیں ہوتا جس پر بار بار اعتراضات ہو سکتے ہوں۔مثلاً اگر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دعوی کے متعلق بحث ہوا اور لوگ ہمیں یہ کہیں کہ آؤ ہم اس پر بحث کریں کہ حضرت مرزا صاحب کا فر تھے یا مسلمان؟ تو ہم کہیں گے کہ اس کا کیا فائدہ ؟ فرض کرو ہم بحث کرتے ہیں اور یہ امر ثابت ہو جاتا ہے کہ حضرت مرزا صاحب مسلمان تھے تو تم کہو گے یہ تو ثابت ہو گیا کہ آپ مسلمان تھے اب یہ ثابت کرو کہ وہ بزرگ بھی تھے۔پھر بزرگی پر بحث شروع ہو جائے گی اور جب اس کو بھی ثابت کر دیا جائے گا تو تم کہو گے یہ تو مانا کہ آپ بزرگ تھے مگر اس امر کا کیا ثبوت ہے کہ آپ پر وحی بھی نازل ہوتی تھی۔اس کے بعد اس امر پر بحث کرنا پڑے گی کہ آپ پر وحی نازل ہوا کرتی تھی اور جب یہ بھی ثابت ہو جائے تو تم کہو