انوارالعلوم (جلد 13) — Page 376
376 انوار العلوم جلد ۱۳ حالات حاضرہ کے متعلق جماعت احمدیہ کو اہم ہدایات بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ حالات حاضرہ کے متعلق جماعت احمدیہ کو اہم ہدایات ( فرموده ۲۷۔دسمبر ۱۹۳۴ء بر موقع جلسه سالانه ) جلسہ سے ایک دو دن پہلے مجھے زکام اور نزلہ کی سخت شکایت ہو گئی تھی۔ہمارے ڈاکٹروں نے پوری کوشش کی اپنی طرف سے کہ خدا تعالیٰ چاہے تو نزلہ رُک جائے اور بظاہر معلوم ہوتا تھا کہ نزلہ رک بھی گیا ہے۔چنانچہ کل کا ناغہ کرنے کے بعد آج پھر میں نے روزہ رکھ لیا لیکن اس وقت معلوم ہوتا ہے کہ نزلہ پھر گلے میں گر رہا ہے اور شاید اس حالت میں میں سب دوستوں تک پوری طرح اپنی آواز نہ پہنچا سکوں اور شاید میں زیادہ دیر تک نہ بول سکوں۔اس کے ساتھ ہی مجھے سخت سردرد کی بھی تکلیف ہو گئی ہے اور وہ بھی میرے اونچا بولنے میں مانع ہے مگر جہاں تک اللہ تعالیٰ توفیق دے اور جتنی بلند آواز سے بولنے کی توفیق دے میں اپنی طرف سے کوشش کروں گا پھر بھی اگر سارے دوستوں تک آواز نہ پہنچے تو بجائے اس کے کہ وہ حرکت کر کے دوسروں کو بھی ان باتوں کو سننے سے محروم کر دیں جن کا سننا ضروری ہے اور جن کے سننے کیلئے وہ یہاں آئے ہیں خاموش بیٹھے رہیں اور دوسروں کو جن تک میری آواز پہنچ سکے فائدہ اُٹھانے دیں۔یہ مت خیال کرو کہ جب تم کسی بات کو سنتے نہیں اور تمہیں خاموش بیٹھنا پڑتا ہے تو یہ ضیاع وقت ہے اس لئے کہ خدا تعالیٰ کے لئے انسان جو بھی کام کرتا ہے وہ اس کے لئے ثواب کا موجب ہوتا ہے۔اور بسا اوقات بظاہر ضائع نظر آنے والی چیز خدا تعالیٰ کے حضور قبول ہونے والی ہوتی ہے۔حج کے موقع پر جانوروں کی بکثرت قربانیاں کی جاتی ہیں اتنی کثرت سے کہ ان کا گوشت