انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 594 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 594

۵۹۴ فائدہ کے لئے معبوث ہوا ہے- مسلم کانفرنس اور الٰہ آباد کانفرنس میرے نزدیک موجودہ حالات میں مسلمانوں کے مطالبات انصاف پر مبنی ہیں- الہ آباد کی کانفرنس نے غلطی کی وہ مسلمانوں میں شقاق پیدا کر رہی ہے اور عملاً نظر آ رہا ہے کہ لڑائی جھگڑے زیادہ بڑھ رہے ہیں مگر ہم کسی ایک فریق پر الزام نہیں لگا سکتے- وجہ یہ کہ جہاں مسلم کانفرنس کے مطالبات ٹھیک ہیں وہاں وہ الہ آباد کانفرنس کے خلاف ایک غلطی کر رہی ہے اور وہ یہ کہ اس میں شریک ہونے والے مسلمان لیڈروں نے ابھی کوئی فیصلہ کیا ہی نہیں تھا کہ انہیں غدار قرار دے دیا گیا- یہ طریق کام کرنے کا نہیں- چاہئے کہ ہم ایک دوسرے پر اعتماد کریں- میرے نزدیک مناسب نہ تھا کہ اس موقعہ پر ہندو مسلمانوں کی کانفرنس ہو مگر جب ہوئی تو ہمارا فرض تھا کہ اس میں شریک ہونے والوں کو ان کی غلطی دلائل سے سمجھاتے نہ کہ سوٹے سے- اس طریق عمل سے ہم بہت نقصان اٹھا چکے ہیں- اس کانفرنس میں شریک ہونے والے مسلمان لیڈروں کو غدار کہنا ٹھیک نہیں ان میں دیانت دار اور خدمت گزار لوگ بھی موجود ہیں مگر اسی طرح پھانسی پر چڑھ رہے ہیں جس طرح راجہ چڑھا تھا- احمدیوں کو نصیحت ہماری جماعت کے جو دوست سیاسی امور میں حصہ لیتے ہیں وہ مسلمانوں کے حقوق اور مطالبات کے متعلق میرے مضامین پڑھیں اور اپنے اپنے علاقہ کے لوگوں کو ان کے مطالب سمجھائیں- میرے نزدیک مسلم کانفرنس جو مطالبات پیش کر رہی ہے وہ صحیح ہیں اور الہ آباد کانفرنس میں حصہ لینے والے جس رنگ میں سیاسی امور طے کر رہے ہیں وہ غلط ہیں اور مسلمان کے لئے نقصان رساں- قتل و غارت کی خطرناک تحریک ایک اور خطرناک تحریک ملک میں جاری ہے اور وہ قتل و غارت کا سلسلہ ہے- ایک جماعت ایسی ہے جو کہتی ہے کہ انگریزوں کو اور ان سے تعاون کرنے والوں کو مار دیں گے- میرے نزدیک یہ تحریک انگریزوں کے خلاف اتنی نقصان رساں نہیں ہے جتنی مسلمانوں کے لئے ہے- جہاں جہاں مسلمانوں کی آبادی زیادہ ہے وہاں ہی یہ تحریک زوروں پر ہے مگر مسلمان اس میں شامل نہیں ہیں-