انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 514 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 514

۵۱۴ الہٰی سلسلہ کے ابتدائی ایام کے کارکنوں کا مقام ہے کہ سلسلہ کا صیغہ مالیات مضبوط چٹان کی طرح ہو اور چونکہ میرے اپنے خیالات کی روح بھی اسی طرف ہے اس لئے مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی تھی اور ہمیشہ اطمینان رہتا تھا کہ مالیات کی باگ ایک ایسے شخص کے ہاتھ میں ہے جو اسے صحیح طریق پر چلا رہا ہے- انسان سے غلطیاں ہوتی ہیں اور ممکن ہے ان سے بھی ہوئی ہوں لیکن ایسے شخص کے کاموں میں جو درد رکھتا ہے اور جو اس روح کے ساتھ کام کرتا ہے اس کی غلطیوں کے باوجود نتائج اچھے نکلیں گے- اگر تمام کارکن اس روح کے ساتھ کام کریں تو بہت جلد ترقی ہو سکتی ہے- اگرچہ ہمارا نظام اس وقت کھلونا سا ہے لیکن اس میں بڑی جان ہے اور ذرا سی بات سے بھی ترقی کر سکتا ہے- بعض مائیں بے احتیاطی سے بچے کی صحت کو خراب کر لیتی ہیں اور وہ زیادہ ترقی نہیں کر سکتا لیکن عقلمند ماں کا اتنی ہی عمر کا بچہ اس سے کئی گنا مضبوط ہو جاتا ہے- اور ہمارے سلسلہ کے کارکن بھی اگر عقلمند ماں والی کوشش کریں تو یہ بچہ موجودہ سامانوں میں ہی بہت ترقی کر سکتا ہے اور اس کی صحت موجودہ صحت سے بدرجہا زیادہ بہتر ہو سکتی ہے- میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرزا صاحب کو اس آرام کی توفیق عطا کرے جس کے لئے وہ کام سے سبکدوش ہو رہے ہیں- اگرچہ اسلام کی تعلیم تو یہی ہے کہ مومن مرتے دم تک کام کرتا جائے اور اس کے نزدیک آرام کا یہی مفہوم ہے کہ عمر کے لحاظ سے کام کی نوعیت میں تبدیلی ہو جائے- اور میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس کی توفیق عطا کرے اور ان کے بعد آنے والوں کو اور دوسرے کارکنوں کو سچا اخلاص عطا کرے اور اتنی بصیرت بخشے کہ وہ ان آنکھوں سے ہی جو اس وقت ہمیں ملی ہوئی ہیں دیکھ سکیں کہ وہ کتنی بڑی عمارت ہے جس کی بنیاد کی اینٹ کے طور پر کام کرنے کے لئے انہیں چنا گیا ہے- (الفضل ۲۲- مئی ۱۹۳۲ء) ۱؎ بخاری کتاب الجنائز باب المیت لیسمع خفق النعال ۲؎ بخاری کتاب التفسیر باب قولہ فلاتعلم نفس ما اخفی لھم