انوارالعلوم (جلد 12) — Page 509
۵۰۹ الہٰی سلسلہ کے ابتدائی ایام کے کارکنوں کا مقام بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم الہٰی سلسلہ کے ابتدائی ایام کے کارکنوں کا مقام (فرمودہ ۱۴ مئی ۱۹۳۲ء برموقع الوداعی ٹی پارٹی مرزا محمد اشرف صاحب) آج کی تقریب جس کے لئے ہم سب یہاں جمع ہوئے ہیں اس لحاظ سے ایک نئے دور کا افتتاح ہے کہ وہ لوگ جنہوں نے ابتدائی ایام سے ایک نظام کے ماتحت سلسلہ کا کام کیا ان سے کچھ لوگ ایام کارکردگی کو پورا کر کے سبکدوش ہو رہے ہیں- پہلا دوران لوگوں کا تھا جنہوں نے ابتدائی ایام میں انفرادی جدوجہد میں حصہ لیا اور ایک ایک کر کے ہم سے جدا ہوتے گئے- اب یہ نیا دور شروع ہوا ہے کہ ایسے لوگ جنہوں نے نظام کے ماتحت ابتدائی ایام میں سلسلہ کی خدمات کیں اب ایام کارکردگی پورا ہونے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں- اس نئے دور کا لازمی نتیجہ یہ ہو گا کہ بعض ماتحت افسر ہو جائیں گے اور بعض افسر اور ترقی کریں گے حتیٰ کہ نیچے کی طرف سے حرکت پیدا ہو کر آگے کی طرف بڑھتی جائے گی اور یہ چیز اپنے ساتھ امنگیں بھی لاتی ہے اور خطرات و فتن بھی- کیونکہ جہاں ایک طرف اس سے ایک ماتحت کو معلوم ہوتا ہے کہ اس کی ترقی کے رستے کھل رہے ہیں اور اس طرح اس کے دل میں امنگیں پیدا ہوتی ہیں وہاں یہ بات بھی پیدا ہوتی ہے کہ نئے کارکن آگے آتے ہیں اور ان میں سے بعض ایسے بھی ہوتے ہیں کہ ان کی ترقی کی وجہ صرف یہی ہوتی ہے کہ انہوں نے ایک لمبا عرصہ خدمت کی ہے اور یہ چیز جہاں فوائد اپنے اندر رکھتی ہے وہاں خطرات سے بھی خالی نہیں- مگر بہرحال دنیا کے تجربہ سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ کسی قوم کی امنگوں کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کی ترقی کے راستے کھلے رکھے جائیں کیونکہ جب یہ مسدود کر دیئے جائیں تو امنگیں مٹ جاتی ہیں اور