انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 433 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 433

۴۳۳ تیسرا اعتراض پھر بعض اور لوگوں نے یہ کہنا شروع کر دیا کہ ھذا ساحر ۲۱؎کہ یہ جادو گر ہے- سحر کے معنی عربی زبان میں جھوٹ کے بھی ہوتے ہیں- مگر مخالفین نے رسول کریم ﷺ کو الگ بھی جھوٹا کہا ہے- اس لئے اگر اس کے معنی جھوٹ کے ہوں تو اس کا جواب علیحدہ ہوگا- دوسرے معنی سحر کے یہ ہوتے ہیں کہ باطن میں کچھ اور ہو اور ظاہری شکل میں کچھ اور دکھائی دے- اللہ تعالیٰ اس کے جواب میں فرماتا ہے- وان یروا ایة یعرضوا ویقولوا سحر مستمر ۲۲؎اگر یہ لوگ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا کوئی نشان دیکھتے ہیں تو اعراض کر لیتے ہیں- اور کہتے ہیں ہم ان باتوں کو خوب سمجھتے ہیں- یہ بڑا پرانا جادو ہے- آگے فرماتا ہے حکمة بالغة فما تغن النذر۲۳؎ قرآن میں تو حکمت بالغہ ہے- قرآن میں ایسے مضامین ہیں جو دلوں میں تبدیلی پیدا کرنے والے ہیں- سحر کے معنی تو یہ ہیں کہ ظاہر کو مسخ کر دیا جائے اور باطن آزاد رہے- مگر قرآن کا اثر تو یہ ہے کہ ظاہر کی بجائے دلوں کو بدلتا ہے- اس لئے اسے سحر نہیں کہہ سکتے- یہ حکمت بالغہ ہے- یعنی حکمت کی ایسی باتیں ہیں جو دور تک اثر کرنے والی ہیں- یہ اندرونی جذبات اور افکار پر اثر ڈالتی ہیں- مگر ان لوگوں کو یہ انذار فائدہ نہیں دیتا- چوتھا اعتراض پھر بعض نے کہا کہ یہ ساحر تو معلوم نہیں ہوتا ہاں مسحور ضرور ہے- یعنی خود تو بڑا اچھا ہے- لیکن کسی نے اس پر سحر کر دیا ہے اس لئے یہ ایسی باتیں کہتا پھرتا ہے- چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے- وقال الظلمون ان تتبعون الا رجلا مسحورا ۲۴؎یعنی ظالم لوگ یہ کہتے ہیں کہ مسلمان ایک مسحور کی اتباع کر رہے ہیں- کسی نے اس پر جادو کر دیا ہے جس کی وجہ سے اس کی عقل ماری گئی ہے- اس آیت سے پہلے ملائکہ کے نزول کے متعلق معترضین کا مطالبہ ہے- جب رسول کریم صلیاللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ملائکہ نازل ہوتے ہیں اور خزانے عطا کرتے ہیں (ملائکہ سے الہام اور خزانے سے معارف قرآن مراد تھے( تو مخالفین نے کہا- کہ دیکھو اسے جو ملائکہ نظر آتے ہیں- اس کی وجہ یہی ہے کہ یہ مسحور ہے- فرشتے ہمیں نہیں نظر آتے- خزانے ہمیں نہیں دکھائی دیتے- مگر یہ کہتا ہے کہ مجھ پر فرشتے نازل ہوتے ہیں- اور خزانے مل رہے ہیں‘ کہاں ملے ہیں؟ یہ سحر کا ہی اثر ہے جو ایسی باتیں کرتا ہے- اسی طرح اور بہت سے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے-