انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 291 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 291

۲۹۱ گو میں خود ہزار یا اس سے بھی زائد آدمی انشاء اللہ ہمراہ لاؤں گا کیونکہ میں دیکھتا ہوں کہ جب سے مباہلہ کا ذکر شروع ہوا ہے سینکڑوں ہزاروں آدمیوں کے خطوط اور تار میرے پاس نہایت لجاجت کے آ رہے ہیں کہ انہیں اس مباہلہ میں شامل کیا جائے- مسنون مباہلہ میں جماعت کی شمولیت ضروری ہے میں نے اوپر کی بات بحث کو روکنے کے لئے فرضاً لکھی ہے- ورنہ حقیقت یہ ہے کہ مسنون مباہلہ میں جماعت کی شمولیت ضروری ہے اور الفاظ قرآنیہ سے یہی امر ثابت ہے- سید صاحب کا یہ لکھنا کہ جمع کے الفاظ اس لئے لکھے گئے ہیں کہ یہ آیت قیامت تک کے لئے ہے اور بعض لوگوں کے اہل زیادہ ہوتے ہیں‘ درست نہیں- کیونکہ سوال یہ نہیں کہ آیت میں ابناء و نساء کے الفاظ جمع آئے ہیں بلکہ سوال یہ ہے کہ آیت کریمہ میں مخاطبین کو تعالوا کہہ کر بلایا ہے- جو جمع کا صیغہ ہے- چونکہ مخاطب کے وجود میں متکلم کا وجود شامل نہیں ہوتا- اس لئے بہرحال تعالوا میں وہی لوگ شامل سمجھے جائیں گے جنہیں مباہلہ کے لئے بلایا ہے اور چونکہ تعالوا جمع کا لفظ ہے‘ اس لئے ماننا پڑے گا کہ رسول کریم ﷺ نے جن لوگوں کو مباہلہ کے لئے بلایا ہے- وہ ایک جماعت ہے نہ کہ فردواحد- دوسرا استدلال یہ ہے کہ اس آیت میں ایک لفظ انفسنا کا بھی آتا ہے- یعنی آؤ ہم اپنے اپنے نفوس کو بلائیں- اب یہ ظاہر ہے کہ اپنے آپ کو بلانے کے کوئی معنی نہیں ہو سکتے اور خصوصاً جب کہ بیویوں اور بچوں کو بلوانے کا پہلے ذکر آ چکا ہے اس کے بعد اپنے نفسوں کو بلانے کے کوئی معنی نہیں رہتے- پس انفس کے معنی یقیناً ساتھی اور ہم خیال لوگوں کے لینے پڑیں گے اور یہ قرآن کریم کے محاورہ کے عین مطابق بھی ہے- سورۃ نور میں - فاذا دخلتم بیوتا فسلمو اعلی انفسکم ۱۷؎ یعنی جب تم گھروں میں داخل ہو تو اپنے آدمیوں اور ساتھیوں کو سلام کہا کرو- سید صاحب اس حکم کی تعمیل میں کسی گھر میں داخل ہوتے ہوئے یقیناً السلام علیکم ہی کہتے ہوں گے اور انفسکم کے لفظ کے یہ معنی نہ کرتے ہوں گے کہ گھر میں داخل ہو کر یہ کہیں- کہ السلام علی- غرض یہ کہ آیت زیر بحث میں انفسکم کے معنے ساتھیوں اور ہم خیال کے ہی لئے جا سکتے ہیں- اور یہ معنی دوسری آیات قرآنیہ کے عین مطابق ہیں- تیسرا استدلال یہ ہے کہ اس آیت میں ابناء ناوا بناء کم ونساء ناونساء کم کہا گیا ہے- چونکہ ابناء کم اور نساء کم الگ کہا گیا