انوارالعلوم (جلد 12) — Page 266
۲۶۶ زمینداروں کی اقتصادی مشکلات کا حل پوری امداد کا وعدہ میں آپ لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اور احمدی جماعت کے تمام افراد اپنی طاقت کے مطابق ہر اس جائز کوشش میں آپ لوگوں کے ساتھ ہوں گے جو آپ زمینداروں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے کریں- ہر قسم کی قربانیوں کیلئے تیار رہیں لیکن یاد رکھیں کہ کوئی بڑا مقصد بڑی قربانی کے بغیر حاصل نہیں ہو سکتا اور ملک کی ۸۰ فیصدی آبادی کو غلامی اور تباہی سے بچانے کی نسبت اور کوئی بڑا کام کیا ہوگا- پس اگر آپ لوگ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو آپ لوگوں کو ہر وقت کی قربانیاں کرنے کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے- اگر آپ لوگ یہ سمجھیں کہ بغیر کسی قسم کی تبدیلی کے بغیر اپنی پرانی عادتوں اور رسموں کو چھوڑنے کے‘ بغیر اپنے طرز رہائش کو بدلنے کے‘ بغیر اپنی جان کو خطرہ میں ڈالنے کے آپ لوگ کامیابی حاصل کر لیں تو یہ ناممکن ہے اور بالکل ناممکن ہے- مگر میں امید کرتا ہوں کہ آپ لوگ جن کی بہادری کا ہر میدان جنگ شاہد ہے اور جو دوسروں کی جانیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربانی کرتے رہے ہیں اپنے اور اپنی بیوی بچوں کے جائز حقوق کے حصول کے لئے کسی جائز کوشش سے دریغ نہ کریں گے-