انوارالعلوم (جلد 12) — Page 249
۲۴۹ زمینداروں کی اقتصادی مشکلات کا حل اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ- ھوالناصر زمینداروں کی اقتصادی حالت کس طرح درست ہو سکتی ہے؟ وہ معرکہ الارا مضمون جو زمیندارہ کانفرنس منعقدہ لائلپور(۲۰‘۲۱ جون ۱۹۳۱ء( میں پڑھا گیا اور جس میں زمینداروں کی مالی حالت درست کرنے کے متعلق بہترین و قابل عملدرآمد تجاویز مندرج ہیں۔ملکی ترقی کیلئے نیک فال بردران! مجھے اس بات کو معلوم کر کے نہایت ہی خوشی ہوئی ہے کہ زمیندار جو اس بات میں بدنام ہیں کہ انہیں سوائے اپنے قریبی ضروریات کے اور کسی بات کی طرف توجہ نہیں ہوتی‘ اب اپنی حالت سدھارنے کی طرف متوجہ ہوئے ہیں اور میں آپ کی موجودہ کانفرنس کو اپنے ملک کی ترقی کے لئے ایک نہایت ہی نیک فال سمجھتا ہوں- زمینداروں کے مقاصدِ اجتماع سے ہمدردی گو میں اس علاقہ کا باشندہ نہیں ہوں جس علاقہ کے زمینداروں کی یہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے لیکن بوجہ اس کے کہ میں خود زمیندار ہوں اور ہزار ہا آدمی میری جماعت کے اس علاقہ میں بستے ہیں جس کی طرف سے یہ کانفرنس منعقد ہوئی ہے مجھے آپ لوگوں کے اجتماع کے مقاصد سے پوری دلچسپی اور ہمدری ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ جس خلوص نیت سے میں آپ لوگوں کو اپنے علم اور تجربہ کے مطابق اپنی اقتصادی حالت کی درستی