انوارالعلوم (جلد 12) — Page 142
۱۴۲ اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ - ھوالناصر قضیہ کشمیر کے متعلق چند تلخ و شیریں باتیں قضیہ کشمیر اس قدر جلد جلد صورت میں بدل رہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس کے متعلق ایک مجموعی نظر کی اشد ضرورت ہے ورنہ بالکل ممکن ہے کہ یہ کام بالکل خراب ہو جائے اور امیدوں کے بالکل الٹ نتیجہ نکلے- ہندوستان کے مسلمان عام طور پر سیاسیات سے ناواقف ہیں اور اس وجہ سے وہ زیادہتر نقل کرتے ہیں لیکن ریاستوں کے مسلمان تو بیچارے اور بھی ناواقف ہیں ان کے لئے دوسروں سے بہت زیادہ خطرات ہیں- اور جس شخص کو بھی اللہ تعالیٰ توفیق دے اس کا فرض ہے کہ انہیں حقیقت سے آگاہ کرے تا کہ وہ تکالیف سے محفوظ ہوں اور کامیابی کا منہ دیکھیں- سب سے بڑا خطرہ غلط امیدیں- خوشامد اور چاپلوسی کا مرض اس زمانہ میں خوشامد اور چاپلوسی کا مرض اور اسی طرح فخر و خود پسندی کا مرض اس قدر عام ہو گیا ہے کہ جو لوگ اس سے بچنا چاہتے ہیں وہ دشمن یا بزدل قرار دیئے جاتے ہیں- اور اس وجہ سے بہت سے سچے مخلص مایوس ہو کر اپنے گھر بیٹھ رہتے ہیں اور مظلوم اپنی مظلومیت میں بڑھتا جاتا ہے- یہی مرض مسئلہکشمیر کو بھی لاحق ہو رہا ہے اور میں اپنا فرض سمجھتا ہوں کہ مسلمانان کشمیر اور ہندوستان کو اس مرض کے خطرات سے آگاہ کر دوں- یہ بالکل آسان ہے کہ میں یہ دعویٰ کروں کہ چند ایام میں میں کشمیر کے لوگوں کو ان مظالم سے بچا لوں گا جو ریاست کی طرف سے ہو رہے ہیں لیکن یہ امر بالکل اور ہے کہ میں ایسا کر بھی دوں- اسی طرح یہ امر بالکل اور ہے کہ میں یہ دعویٰ کروں کہ میری جان و مال اہل ِکشمیر