انوارالعلوم (جلد  12)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 83 of 656

انوارالعلوم (جلد  12) — Page 83

۸۳ بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم جماعت احمدیہ دہلی کے ایڈریس کا جواب دہلی کی جماعت ان جماعتوں میں سے ہے جو حتی الوسع ان تمام ذرائع کو استعمال کرتی ہیں- جن سے وہ کوشش کرتی ہیں کہ جماعت کا قدم ترقی کی طرف بڑھے- جو شخص اللہ تعالیٰ کی راہ میں کوشش کرتا ہے اور اخلاص سے کوشش کرتا ہے وہ اس کا نتیجہ ضرور دیکھ لیتا ہے- یہ ممکن نہیں کہ ایک شخص اللہ تعالیٰ کی راہ میں اپنا مال صرف کرے‘ اپنا آرام اور وقت صرف کرے اور پھر اس کی کوششوں کا نتیجہ نہ نکلے- رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے میرا بندہ میرے ساتھ جیسا تعلق رکھتا ہے ویسا ہی اس کے ساتھ معاملہ کرتا ہوں-۱؎ پس گو ان لوگوں کی کوششیں دنیا والوں کی نظروں میں بیکار معلوم ہوں لیکن خدا کے نزدیک وہ ضائع نہیں ہوتیں- ہاں یہ ضرور ہے کہ انسان خدا پر بھروسہ رکھے اور اپنی کوششوں کے ساتھ خدا پر پورا توکل ہو تو پھر اللہ تعالیٰ بھی عجیب رنگ میں اپنی قدرتوں کا اظہار کرتا ہے- حضرت مسیح موعود علیہ الصلٰوۃ والسلام کے زمانہ میں جب آتھم والی پیشگوئی کی نسبت شور اٹھا کہ آتھم میعاد کے اندر نہیں مرا تو انہی دنوں ایک دن نوابصاحب بہاولپور کی مجلس میں اس کا ذکر آیا- لوگوں نے حسب معمول تمسخر سے کہنا شروع کیا کہ آتھم نہیں مرا اور پیشگوئی جھوٹی نکلی- اس مجلس میں نواب صاحب کے پیر بھی بیٹے تھے- وہ خاموش سنتے رہے لیکن جب نواب صاحب بھی لوگوں کے ساتھ تمسخر میں شریک ہوئے تو ان کے پیر صاحب نے نہایت سختی کے ساتھ کہا- کون کہتا ہے کہ آتھم نہیں مرا میں تو اس کو مردہ دیکھتا ہوں- اصل بات یہ ہے کہ وہ انسان جو خدا پر بھروسہ رکھتا ہے وہ کبھی الہٰی کاموں کی نسبت یہ خیال نہیں کر سکتا کہ ان کا نتیجہ نہیں نکلے گا- میں اس وقت چھوٹا تھا جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلٰوۃ والسلام دہلی تشریف لائے تھے- آپ یہاں کے اولیاء اللہ کے مزاروں پر گئے اور بہت دیر تک لمبی دعائیں کیں اور فرمایا- میں اس لئے دعا کرتا ہوں کہ ان بزرگوں کی روحیں جوش میں