انوارالعلوم (جلد 12) — Page 33
۳۳ اعوذ باللہ من الشیطن الرجیم بسم اللہ الرحمن الرحیم نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ - ھوالناصر دیباچہ یہ رسالہ ان خدمات کے اعتراف میں جو ہندوستان کی آزادی کے حصول کے بارہ میں لارڈارون (LORD IRWIN) سے ظہور میں آئی ہیں اور اس اعلیٰ اخلاقی نمونہ کی یاد گار کو تازہ رکھنے کیلئے جو انہوں نے اپنے پانچ سالہ ولایت ہند کے زمانہ میں دکھایا ہے جماعت احمدیہ کے دس ہزار افراد نے جو ہندوستان کے سب صوبوں کے سو شہروں میں بسنے والے ہیں ہزایکسیلنسی لارڈارون کے ان کے اپنے عہدہ ولایت ہند سے فارغ ہونے کے موقع پر پیش کیا ہے اس امر کے اظہار کیلئے کہ اس رسالہ کا پیش کرنا ایک وسیع جماعت کے جذبات تشکر کی ترجمانی کرتا ہے یہ شرط کی گئی تھی کہ ہر شخص جو اس میں حصہ لینا چاہے صرف ایک آنہ چندہ ادا کر سکتا ہے- تاکہ یہ تحفہ بہت سے آدمیوں کی طرف سے پیش کیا جا سکے اور تا کہ اس کا مادی پہلو اخلاص کے پہلو کے پیچھے بالکل چھپ جائے- بجائے اس کے کہ اس تحریک کو عام کیا جاتا یہ مناسب سمجھا گیا کہ بشمولیت قادیان جو سلسلہ احمدیہ کا مرکز ہے صرف ہندوستان کے سو شہروں کے احمدیوں کو اس میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے ورنہ اگر اس تحریک کو عام کیا جاتا تو مجھے یقین ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں جماعت احمدیہ کے افراد اس اعتراف میں شمولیت کرتے- خاکسار مرزا بشیر الدین محمود احمد خلیفہ المسیح الثانی امام جماعت احمدیہ قادیان ۲۷ مارچ ۱۹۳۱ء