انوارالعلوم (جلد 12) — Page 510
۵۱۰ الہٰی سلسلہ کے ابتدائی ایام کے کارکنوں کا مقام جب امنگیں مٹ جائیں تو انسانی دماغ کی سرسبزی اور شادابی جس پر دنیا کی ترقی کا انحصار ہے‘ کھوئی جاتی ہے- جب سے میں نے سلسلہ کے کام اور نظام کو وسیع کرنے اور ایک نیا ڈھانچہ دینے کی کوشش کی ہے- اسی وقت سے یہ بات مدنظر رکھی ہے کہ جو لوگ ماتحتی میں کام کر رہے ہیں ان کی ترقی کے رستے کھلے رہیں- ہمارے سلسلہ کے کام دو صنفوں میں تقسیم کئے جا سکتے ہیں- ایک تو یہ کہ انسانوں کے تعاون پر ان کی بنیاد ہونی چاہئے- یعنی ایسے لوگ ہوں جو خیالات اور جذبات میں کام لینے والے سے متفق ہوں- ایسے کاموں کے لئے باہر سے آدمی چنے جاتے ہیں جو انہیں سر انجام دے سکیں- تمام حکومتوں کا یہی دستور ہے کہ وہ وزراء باہر سے مقرر کرتی ہیں- اور اس کا ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ بیرونی لوگوں کے خیالات ایسے تغیر پیدا کرنے کا موجب ہوتے ہیں جن سے قوم کی رگوں میں نیا خون پیدا ہوتا ہے- دوسرے دفتری کام کے نتیجہ میں دماغ کی ساخت ایک خاص قسم کی ہو جاتی ہے اور جدت کا مادہ قائم نہیں رہتا- اس لئے ضروری ہوتا ہے کہ باہر سے ایسے لوگ لائے جائیں جو بیرونی خیالات قوم میں داخل کر کے نیا رنگ اور نیا جوش پیدا کریں- لیکن ایک حصہ ایسا بھی ضرور ہونا چاہئے جو اس نظام کے قوانین اور آئین و ضوابط کی باریکیوں کو اچھی طرح جانتا ہو اور یہ اسی طرح ہو سکتا ہے کہ کارکنوں کے لئے ترقی کے راستے کھلے ہوں پس یہ دونوں باتیں ضروری ہیں- یہ بھی کہ ایسے لوگ باہر سے لائے جائیں جو ماتحت عملہ سے تعلق نہ رکھتے ہوں تا وہ دماغ کا کام دیں اور ایسے لوگوں کو بھی ترقی دی جائے جو تفصیلات سے آگاہ ہوں اور شروع سے ترقی کر کے ایک مقام پر پہنچیں تا وہ دوسرے اعضاء کا کام دے سکیں- اس کے لئے میں نے مدت سے یہ سکیم مقرر کی ہوئی ہے کہ بعض عہدے جو ذمہ داری کے بھی ہوں اور جن کے ساتھ ایک لمبے دفتری تجربہ کا بھی تعلق ہو خصوصاً محاسب اور آڈیٹر کا عہدہ ان لوگوں کے لئے محفوظ کر دیئے جائیں جو زینہ بہ زینہ ترقی کرتے ہیں- اس وقت ہمارے تمام کام ایسے ہیں جیسے آگرہ میں پتھر کے تاج محل بنائے جاتے ہیں گویا ایک کھلونا ہے- لیکن کھلونے کی حیثیت اسی صورت میں ہمیشہ قائم رہتی ہے جس میں وہ بنایا جاتا ہے مگر ہمارے سلسلہ کا کھلونا خدا تعالیٰ نے بنایا ہے اور اس لئے اس کی مشابہت زیادہ تر اس کھلونے سے ہے جو ماں کے رحم میں تیار ہوتا ہے- وہ ایک نہایت چھوٹی سی چیز ہوتی ہے اگرچہ