انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 491 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 491

۴۹۱ صاحب اقتدار اور بہت زیادہ اختیار رکھنے والی حکومتیں آخر میں نیابتی اور اتحادی اصول کی طرف مائل ہونے کے لئے مجبور ہوئی ہیں- پس جو کل ٹکڑے ٹکڑے کر کے ہو گا اور خراب صورت میں ہو گا وہ کیوں آج عمدگی اور نظام کے ساتھ نہ ہو جائے- اگر وہ فوراً فیڈریشن میں شامل ہونے کے لئے تیار ہو جائیں تو ہم پھر امپیریل جرمنی کانسٹی چیوشن کی نقل کر کے اپنی مشکلات کا حل سوچ سکتے ہیں اور وہ یہ کہ مجلس مندوبین میں صوبوں اور ریاستوں کی رعایا کے افراد کے نمائندے ہوں اور دوسری مجلس کو بجائے کونسل آف سٹیٹ کے سٹیٹس کونسل قرار دے دیا جائے اور اس میں ریاستوں اور صوبہ جات کی حکومتوں کی نمائندگی کا طریق جاری کر دیا جائے- اس وقت یہ بات آسانی سے ہو سکتی ہے لیکن بعد میں اس قسم کے تغیرات مشکل ہوں گے-