انوارالعلوم (جلد 11) — Page 443
۴۴۳ والے انگریز بھی کسی صورت میں ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں- پس مرکزی کانسٹی چیوشن کا اسی وقت فیصلہ ہو جانا چاہئے- تاکہ اقلیتیں اطمینان سے بیٹھ سکیں اور ان کا یہ خطرہ جاتا رہے کہ کل کو مرکزی حکومت کے تصفیہ کے وقت کہیں پھر ان کے حقوق تلف کرنے کی کوشش نہ کی جائے- لیکن جہاں اس امر کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ ہندوستان کے قانون اساسی کو آئندہ وقت کیلئے ملتوی نہ کیا جائے وہاں ایک اور امر کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے اور وہ یہ ہے کہ ایک ہی وقت میں صوبہ جات اور مرکز کو آزاد حکومت ملنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ہر اک اپنی اپنی جگہ انتظام کی درستی میں مشغول ہو جائے گا اور نہ مرکزی حکومت دیکھ سکے گی کہ صوبہ جات اس کی ذمہ داریوں کو ادا کر رہے ہیں یا نہیں- اور نہ صوبہ جات اس امر کی نگرانی کر سکیں گے کہ مرکز کہیں ان کے اختیارات کو تو غصب نہیں کر رہا- نتیجہ یہ ہوگا کہ ایک دن یا تو مرکز یہ معلوم کر کے حیران رہ جائے گا کہ اس کی سب طاقتیں صوبہ جات چھین کر واپس لے گئے ہیں- یا صوبہ جات یہ معلوم کر کے حیران رہ جائیں گے کہ جس حکومت کا قیام ان کے مدنظر تھا اس کی جگہ ایک ایسی مرکزی حکومت قائم ہو گئی ہے جس نے ان کے سب اختیارات چھین لئے ہیں- ہمیں یہ بات نہیں بھولنی چاہئے کہ صرف قانون کے الفاظ کام نہیں دیتے جب تک ساتھ استعمال کی تشریح بھی موجود نہ ہو- پس یہ امر نہایت ضروری ہے کہ جو قانون بنے ابتداء میں اس کے عمل درآمد کی نہایت ہوشیاری سے نگرانی کی جائے ورنہ قانون کے لفظ تو رہ جائیں گے لیکن مفہوم غائب ہو جائے گا- مندرجہ بالا امور کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس امر کا انکار نہیں کر سکتا کہ ان حالات میں گو فیڈرل قانون اساسی تو اسی وقت تیار ہو جانا چاہئے لیکن اس پر عمل فوراً نہیں شروع ہونا چاہئے اور اتحادی طریق حکومت کے خواہشمندوں کو چاہئے کہ عارضی جوش کے ماتحت اس تجویز کو نظر انداز کر کے اپنے مقصود کو خطرہ میں نہ ڈالیں- انہیں لازم ہے کہ پہلے صوبہ جاتی نظام کو مکمل کریں اور مرکزی حکومت کے ڈھانچے کو مکمل کر کے اس پر عمل کو چند سالوں کے لئے ملتوی کر دیں جب صوبہ جاتی حکومتیں اپنا کام کرنے لگیں اور چند سال تک انہیں کام کا موقع مل جائے تب مرکزی حکومت کو آہستگی سے اختیارات ملنے شروع ہوں- میری تحریر کا یہ مقصد نہیں کہ مرکز کے متعلق جو کچھ سائمن کمیشن نے لکھا ہے اسے پوری طرح ہمیں تسلیم کر لینا چاہئے- یا یہ کہ موجودہ نظام حکومت کو ہی اس وقت تک قائم