انوارالعلوم (جلد 11)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 433 of 696

انوارالعلوم (جلد 11) — Page 433

۴۳۳ صوبوں کے علاوہ ہیں الگ ملازم نہیں رکھے جا سکتے کیونکہ بوجہ صوبہ کی غربت کے انہیں ترقی دے کر اوپر نہیں لے جایا جا سکتا- پس ایسے صوبوں میں ضرورت کے مطابق بڑے صوبوں سے آدمی لے لئے جاتے ہیں اور جب ان کی ترقی کا وقت آتا ہے تو انہیں بدل کر ان کی جگہ اور افسر منگوا لئے جاتے ہیں- تیسرے یہ کہ گورنمنٹ آف انڈیا کو اپنے دفتروں میں اکثر تجربہ کار افسروں کی ضرورت رہتی ہے- اگر وہ اپنی الگ بھرتی کرے تو جب تک وہ اپنی ضرورت سے بہت زیادہ بھرتی نہ کرے اس وقت تک اس قدر تعداد اعلیٰ افسروں کی اسے نہیں مل سکتی جس قدر کہ اسے ضرورت ہوتی ہے- چوتھے اگر آل انڈیا بھرتی کے اصل پر ملازمتوں کا انتظام نہ ہو بلکہ صوبہ جات کی بھرتی الگ الگ ہو اور گورنمنٹ آف انڈیا کی الگ تو اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ گورنمنٹ آف انڈیا کے افسروں کو صوبہ جات کی حالت کا کچھ علم نہ ہو گا اور وہ یگانگت جو مرکز اور صوبہ جات میں ہونی چاہئے، پیدا نہ ہو سکے گی- اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ سب ضرورتیں جو اوپر مذکور ہوئی ہیں بہت اہم ہیں لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ باوجود ان ضرورتوں کے آل انڈیا بھرتی کو جاری رکھنا کسی صورت میں درست نہیں ہو سکتا- اگر یہ درست ہے کہ آئندہ صوبہ جات کو آزادی دی جائے گی تو پھر یہ بھی لازمی ہے کہ تمام عہدوں کی بھرتی صوبہ جات کے ماتحت ہو- وہ آزادی کیسی جس میں عہدوں کی تعداد تک مقرر کر دی جائے- اس قسم کی اتحادی حکومت کو کوئی شخص اتحادی حکومت نہیں کہہ سکتا یہ تو کامل اتصالی حکومت ہو گی- جو ضرورتیں بتائی گئی ہیں ان میں سے بعض کی تو آئندہ ضرورت ہی نہ رہے گی مثلاً صوبہ جات کی واقفیت کی آئندہ اس قدر ضرورت نہ رہے گی- کیونکہ مقامی ضرورتوں سے تعلق رکھنے والے امور مرکز سے علیحدہ کر کے پورے طور پر صوبہ جات کے اختیار میں آ جائیں گے- مرکز سے صرف انہی امور کا تعلق رہ جائے گا جن کا مقامی ضرورتوں سے کچھ تعلق نہیں ہو گا- باقی رہے چھوٹے علاقے ان کے متعلق میں پہلے کہہ چکا ہوں کہ ان کا علیحدہ باقی رکھنا صوبہ جاتی آزادی کے راستہ میں روک ہو گا- چنانچہ زیر بحث سوال ہی اس امر کی دلیل ہے کہ ان کا وجود صوبہ جات کی آزادی کے منافی ہے کیونکہ ملازمتوں کو صوبہ جات کے اختیار سے باہر رکھنے کی ایک وجہ ان علاقوں کی موجودگی بتائی جاتی ہے- پس بجائے اس کے کہ ان علاقوں کی وجہ سے صوبہ جات کی آزادی میں فرق لایا جائے کیوں نہ ان صوبوں کو ہی دوسرے صوبوں