انوارالعلوم (جلد 10) — Page 503
۵۰۳ متشابہات کا حل (۲۴)آیات متشابہات کو حل کرنا بھی ضروری ہے- قرآن کریم یہ تو کہتا ہے کہ اس میں کچھ آیات متشابہات ہیں مگر یہ نہیں بتاتا کہ کون کون سی ہیں- جب تک ان آیات کا پتہ نہ ہو سارے قرآن کو متشابہات کہنا پڑے گا- مجھے اللہ تعالیٰٰ نے اس بارے میں بھی ایسا علم عطا فرمایا ہے کہ معمولی سے معمولی علم رکھنے والے کے لئے بھی متشابہات کا پتہ لگانا مشکل نہیں رہ جاتا اور نیز یہ کہ آیات متشابہات قرآن کریم کی صداقت کا ایک زبردست ثبوت ہیں- حروفِ مقطّعات کا حل (۲۵)حروف مقطعات پر بحث کرنی بھی ضروری ہے کہ ان کی کیا ضرورت اور غرض ہے؟ سات قراء توں سے کیا مراد ہے (۲۶)یہ جو کہا جاتا ہے کہ قرآنکریم کی سات قرائتیں ہیں ان سے کیا مراد ہے؟ یہ بحث بھی ضروری ہے- خلق قرآن کا مسئلہ (۲۷)کلام الہی کو خدا تعالیٰ کے علم سے کیا نسبت ہے- پہلے زمانہ میں اس پر بہت بڑی بحث ہوئی ہے- اور بڑے بڑے علماء کو خلق قرآن کے مسئلہ پر ماریں پڑی ہیں- حضرت امام احمد بن حنبل کو عباسی خلیفہ نے مار مار کر اتنا چور کر دیا کہ وہ فوت ہو گئے- غرض خلق قرآن کے مسئلہ پر بھی بحث ضروری ہے یعنی خدا کے کلام کو خدا سے کیا نسبت ہے- قرآن کریم ایک زندہ کتاب ہے (۲۸)پھر ایک بحث یہ بھی ضروری ہے کہ قرآن کریم ایک زندہ کتاب ہے- کسی کتاب کی پیشگوئیاں بتا دینا کہ وہ پوری ہو رہی ہیں اس کی زندگی کا ثبوت نہیں- تورات اور انجیل کی بعض پیشگوئیاں بھی اب تک پوری ہو رہی ہیں- لیکن ان کتب سے وہ مقصد پورا نہیں ہو رہا جو ان کے نازل ہونے کے وقت مدنظر تھا- مگر قرآن کریم آج بھی وہ مقصد پورا کر رہا ہے جسے لیکر وہ نازل ہوا تھا- قرآن کریم کن کن علوم کا ذکر کرتا ہے (۲۹)پھر یہ بیان کرنا بھی ضروری ہے کہ قرآن کریم کن کن علوم کا ذکر کرتا ہے- یعنی سوال یہ ہے کہ مذہب کو کہاں تک دوسری بحثوں سے تعلق ہے- اخلاق، سیاست، تمدن وغیرہ مذہب میں شامل ہیں یا نہیں-