انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 317 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 317

۳۱۷ خدا تعالی سے کمی کا خوف نہ کرو اور اس کے دین کی راہ میں قربانی سے نہ گھبراؤ کہ خدا تعالی اس کا بدلہ آپ کو آئندہ موسم میں دے دے گا۔اور آپ کی ترقی کے بیسیوں سامان پیدا کر دے گا۔آخر میں میں ان دوستوں کو بھی توجہ دلاتا ہوں جنہوں نے چندہ ریزرو فنڈ کے وعدے کئے ہیں کہ مومن کو اپنے قول کا پاس کرنا چاہئے۔ابھی تک ان کی طرف سے اس چندہ کی طرف پوری توجہ کے آثار ظاہر نہیں ہوئے۔میں امید کرتا ہوں کہ اب جب کہ چھ ماہ کے قریب ہی جلسہ میں رہ گئے ہیں، وہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش میں لگ جائیں گے اور دوسرے احباب کو جنہوں نے اب تک اس کام کی طرف توجہ نہیں کی انہیں بھی توجہ دلا تا ہوں کہ اپنے بھائیوں سے پیچھے نہ رہیں اور دس سے پچاس روپیہ، سوسے ہزار روپیہ اور ہزار سے پانچ ہزار روپیہ جمع کر کے بھجوانے والوں کی جماعتوں میں سے کسی ایک جماعت میں داخل ہو کر ثواب کے مستحق ہوں۔مگر نام لکھوانے والوں کو اور جو پچھلے لکھوا چکے ہیں یاد رکھنا چاہئے کہ خدا کے فضلوں کا وارث وہی وعدہ بناتا ہے جسے پورا بھی کیا جائے۔لم تقولون ما لا تفعلون ۲؎ کا مصداق کبھی نہیں بننا چاہئے ورنہ دلوں پر زنگ لگ جاتا ہے۔ہاں یہ بھی یاد رکھیں کہ خدا تعالی پر توکل کرنے سچی کوشش کرنے والا کبھی ناکام نہیں رہتا۔میں آخر میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے سینوں کو میری آواز پر لبیک کہنے کے لئے کھول دے اور ہر ایک جو اس اعلان کو پڑھے، نہ صرف اسے اس پر لبیک کہنے کی توفیق ملے بلکہ وہ درد اور اخلاص سے دوسروں کو بھی اس طرف متوجہ کرے۔تاکہ خدا کے فضل کے دروازے کھل جائیں اور اس کی رحمت کی چادر ہمیں ڈھانپ لے۔اے میرے خدا تو ایسا ہی کر اور ہماری کمزور کوششوں کو اپنے فضل سے بار آور کر۔اور ہر ایک جو میری آواز پر لبیک کہتا ہے اسے اپنے خاص فضلوں کا وارث بنا۔و أخر دعونا أن الحمد لله رب العلمين - مرزا محمود احمد خلیفۃ المسیح الثانی (الفضل ۱۷جولائی ۱۹۲۸ء) البقرة :۷ ۱۵ الصف :۳ ام