انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 233 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 233

۲۳۳ عورتوں کو غلامی سے نجات دلانے والا نبیؐ اعوذ بالله من الشیطن الرجیم بسم الله الرحمن الرحيم نحمدہ و نصلى علی رسولہ الكريم خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ – هوالناصر عورتوں کو غلامی سے نجات دلانے والانبیؐ مجھ سے خواہش کی گئی ہے کہ میں بھی افضل کے پاس نمبر کے لئے مضمون لکھوں۔اور میں سمجھتا ہوں کہ اس نمبر میں جو رسول کریم ﷺکے اعلیٰ درجہ اور ارفع شان کے اظہار کے لئے شائع ہونے والا ہے، مضمون لکھنا ایک ثواب کا کام ہے۔پس باوجود اس کے کہ ان دنوں میں سخت عدیم الفرصت ہوں اور پھر ساتھ ہی بیمار بھی، ایک مختصر سا مضمون لکھنا ضروری سمجھتا ہوں۔رسول کریم ﷺ کی زندگی کا ہر پہلو ایسا شاندار ہے کہ انسان حیران رہ جاتا ہے کہ میں کس پہلو کو اختیار کروں اور کس کو چھوڑوں۔اور انتخاب کی آنکھ خیرہ ہو کر رہ جاتی ہے لیکن میں اس زمانہ کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے مضمون کے لئے آپ کی زندگی کے احسن حصہ کو لیتا ہوں کہ کس طرح آپ نے دنیا کو اس غلامی سے نجات دلائی ہے جو ہمیشہ سے دنیا کے گلے کا ہار ہو رہی تھی اور وہ عورتوں کی غلامی ہے۔رسول کریم ﷺکی آمد سے پہلے عورتیں ہر ملک میں غلام اور مملوک کی طرح تھیں اور ان کی غلامی مردوں پر بھی اثر ڈالے بغیر نہیں رہ سکتی تھی کیونکہ لونڈیوں کے بچے آزادی کی روح کو کامل طور پر جذب نہیں کر سکتے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیشہ سے عورت اپنی خوبصورتی کیا خوب سیرتی کے زور سے بعض مردوں پر حکومت کرتی چلی آئی ہے لیکن یہ آزادی حقیقی آزادی نہ تھی کیونکہ یہ بطور حق کے حاصل نہ تھی بلکہ بطور استثناء کے تھی اور ایسی استثنائی آزادی کبھی صحیح جذبات کے پیدا کرنے کا موجب