انوارالعلوم (جلد 10) — Page 598
۵۹۸ کچھ احسان نہیں یہ خدا کا مجھ پر احسان ہے- بادشاہت کے جانے کا مجھے کچھ بھی ڈر نہیں وہ خدا جس نے مجھے بادشاہت عطا کی میں اسی پر بھروسہ رکھتا ہوں اور یہ ظلم جو تم مجھ سے کرانا چاہتے ہو ہر گز نہیں کروں گا- ایک وقت تو یہ حالت تھی لیکن پھر وہ زمانہ بھی آیا جب کہ یہ اسلام، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہؓ کے دشمن مسلمان ہوئے اور اخلاص میں اعلیٰ درجہ کی ترقی کی- یہی عمرو بن عاص جب مسلمان ہو گئے تھے تو اپنے متعلق کہنے لگے- مجھ پر دو زمانے آئے ایک اسلام کی مخالفت کا اور ایک موافقت کا- مخالفت کے زمانہ میں میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایسا بغض رکھتا تھا کہ حقارت سے کبھی چہرہ نہیں دیکھتا تھا پھر موافقت کا زمانہ آیا اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اس قدر دل میں جاگزیں ہوئی اور آپ کا جلال ایسا تھا کہ میں رعب کی وجہ سے آپ کے چہرہ کی طرف نگاہ نہیں کر سکتا تھا- ابوجہل کا لڑکا عکرمہ تھا پہلے مخالفت کرتا رہا لڑائیوں میں سرگرم حصہ لیتا تھا مگر جب اسلام اختیار کیا تو ہر طرح کی قربانیاں کیں، جان و مال سے دریغ نہ کیا، اور اسلام کی اس قدر خدمت کی کہ اپنا پورا جان نثار ہونا ثابت کر دیا- غرضیکہ وہ دشمنان اسلام جو سخت مخالفت پر تلے رہتے تھے آخر کار انہوں نے حقانیت کو مانا اور مان کر ہر طرح کی قربانیوں میں حصہ لیا- اسی طرح ایک وقت تو وہ تھا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام کو گھروں سے باہر نکلنا دشوار تھا- اپنے اپنے گھروں میں بیٹھ کر گزارہ کرنا پڑتا تھا تا کہ دشمنوں کے شر سے محفوظ رہیں لیکن پھر وہ بھی زمانہ آیا کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فاتح کی حیثیت سے ایک جرار لشکر کے ساتھ مکہ میں داخل ہوئے- اس طرح وہ دن آیا کہ دشمن کو دروازے بند کر لینے پڑے اور کسی کو طاقت نہ ہوئی کہ باہر نکل سکے- وہ لوگ جو غریب سمجھے جاتے تھے اور جو اتنے مظلوم تھے کہ کوئی ان کی فریاد کو نہیں پہنچتا تھا، اس وقت وہ فاتح کی حیثیت سے داخل ہو رہے تھے اور اس دن خدا تعالیٰ نے دشمنوں کو دکھا دیا کہ کس طرح چھوٹے بڑے بنائے جاتے ہیں اور بڑے چھوٹے کر دیئے جاتے ہیں- پھر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات پر جب حضرت ابوبکر ؓ خلیفہ ہوئے تو ان کے باپ سے کسی نے کہا ابوبکر مسلمانوں کا خلیفہ ہو گیا- اس پر وہ تعجب سے پوچھنے لگے کون ابوبکر؟ کیا ابوقحافہ کا بیٹا؟ جب ان کو یقین دلایا گیا کہ وہی خلیفہ ہوئے ہیں تو وہ دریافت کرنے لگے- کیا