انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 570 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 570

۵۷۰ ہر ایک کہنے لگا جو چیز میں کہتا ہوں وہ خریدو- وہ جھگڑ ہی رہے تھے کہ ایک شخص پاس سے گزرا- اس نے پوچھا کیوں لڑتے ہو- ہر ایک نے اپنا قصہ سنایا- وہ چاروں زبانیں جانتا تھا، بات سمجھ گیا- اس نے کہا آؤ میں سب کو اس کی پسند کی چیز خرید دیتا ہوں اس نے جا کر انگور خرید دیئے اور انہیں دیکھ کر سب خوش ہو گئے- اسی طرح قوموں نے ایک ہی خدا کے نام تو اپنی اپنی زبان میں رکھے تھے- لیکن حالت یہ ہو گئی کہ مختلف ناموں سے مختلف خدا سمجھے جانے لگے اور ہر قوم نے اپنا خدا علیحدہ قرار دے لیا اور یہ سمجھ لیا کہ خدا نے ہمارے لئے فلاں نبی یا رشی بھیجا اور باقی سب لوگوں کو چھوڑ دیا- مگر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا- سب کے لئے خدا نے نبی بھیجے- ان کے مختلف نام رکھ لینے سے ان میں فرق نہیں پڑ سکتا- وہ سب سچے اور خدا کے پیارے تھے- غرض اس مسئلہ کو دنیا میں قائم کر کے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے توحید کو مضبوط بنیاد پر قائم کر دیا- دوسرا مسئلہ جس کا تعلق لوگوں نے مسئلہ توحید سے نہیں سمجھا لیکن وہ بھی نہایت گہرا تعلق رکھتا ہے وہ عالمگیر مذہب پیش کرنا ہے- جب مختلف مذاہب کے لوگوں میں خرابیاں پیدا ہو گئیں اور وہ اپنے اپنے مذہب کی اصل تعلیم کو چھوڑ چکے تو ان میں سے ہر ایک نے یہ خیال کر لیا کہ ہماری قوم ہی ہدایت پا سکتی ہے اور کوئی قوم اس نعمت سے مستفیض نہیں ہو سکتی- جب سب قومیں اپنی اپنی جگہ یہ سمجھی بیٹھی تھیں- اس وقت رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اعلان فرمایا کہ ساری دنیا کے لئے ہدایت پانے کا رستہ خدا تعالیٰ نے کھلا رہا ہے- چنانچہ اپنے مشن کے متعلق خدا تعالیٰ کی طرف سے علم پا کر آپ نے اعلان فرمایا کہ یایھا الناس انی رسول اللہ الیکم جمیعا ۳؎ یہ نہیں کہ ہدایت کا دروازہ صرف عربوں کے لئے کھلا ہے باقی اقوام کے لئے نہیں- مجھے خدا نے رسول بنا کر ساری دنیا کے لئے بھیجا ہے اور سب اقوام ہدایت پا سکتی ہیں- اب غور کرو جب یہ خیال پیدا کیا جائے گا کہ سب کے لئے ہدایت کا دروازہ کھلا ہے تو سب کے دلوں میں خدا تعالیٰ کی توحید کا عقیدہ جاگزیں ہو جائے گا- لیکن اگر یہ خیال پیدا کیا جائے کہ صرف عربوں کے لئے ہدایت کا دروازہ کھلا ہے، ہندوستانیوں کے لئے یا ایرانیوں کے لئے یا چینیوں کے لئے نہیں تو پھر یہ خیال پیدا ہوگا کہ ان کا خدا کوئی اور ہے وہ خدا نہیں جو عربوں کا ہے- پس عالمگیر مذہب پیش کرنے سے توحید کا بہت بڑا خیال پیدا ہو جاتا ہے اور یہی خیال رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آ کر پیدا کیا ہے- آپ نے اعلان فرمایا- مجھے خدا تعالیٰ نے ساری