انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 170 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 170

۱۷۰ حضرت مسیح کے ذریعہ سے ان کو انتہائی درجہ کی نرمی کی تعلیم دی تا کہ ان کی خشونت کم ہو، ورنہ اس تعلیم پر ہر موقع پر ہر گز عمل نہیں ہو سکتا- اس موقع پر مجھے مصر کا ایک واقعہ یاد آ گیا ہے- کہتے ہیں ایک پادری صاحب وعظ کیا کرتے تھے- دیکھو مسیح نے کیسی اعلیٰ تعلیم دی ہے- وہ کہتے ہیں اگر کوئی تمہارے ایک گال پر طمانچہ مارے تو دوسرا بھی اس کی طرف پھیر دو- ایک دن مجمع میں سے ایک مصری نے نکل کر پادری صاحب کے منہ پر ایک طمانچہ رسید کر دیا- پادری صاحب اس پر بہت غصے ہوئے اور اسے مارنے کے لئے آگے بڑھے- اس مصری مسلمان نے کہا کہ مسیح کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے تو تمہیں دوسرا گال بھی میری طرف پھیرنا چاہئے تھا تا کہ میں اس پر بھی طمانچہ ماروں- پادری صاحب نے جواب دیا کہ نہیں اس وقت تو میں مسیح کی تعلیم پر نہیں بلکہ اسلام کی تعلیم پر عمل کرونگا، ورنہ تم لوگ بہت دلیر ہو جاؤ گے- پس جیسا کہ عقل بتاتی ہے اور جیسا کہ مسیحی لوگوں کا طریق عمل بتایا ہے اس تعلیم پر ہمیشہ عمل نہیں ہو سکتا- غرض حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے ثابت کیا کہ حضرت مسیح کی تعلیم نامکمل ہے اور اس پر ہر وقت اور ہر زمانہ میں عمل نہیں کیا جا سکتا اس کے مقابلہ میں آپ نے بتایا کہ قرآن کی تعلیم کامل ہے اور ہر زمانہ اور ہر وقت کیلئے ہے- (۵) پانچویں غلطی حضرت مسیح علیہ السلام کے واقعہ صلیب کے متعلق تھی- جس میں مسلمان اور یہود اور عیسائی سب مبتلا تھے- مسلمان کہتے تھے یہود نے حضرت مسیح کی بجائے کسی اور کو صلیب پر لٹکا دیا تھا- اور انہیں خدا نے آسمان پر اٹھا لیا تھا- یہود اور عیسائی کہتے تھے کہ حضرت مسیح کو ہی صلیب پر لٹکا کر مار دیا گیا تھا- مسلمانوں کے خیال کو تو حضرت مسیح موعود علیہالصلوۃ والسلام نے اس طرح رد کیا کہ فرمایا-: حضرت مسیح کی بجائے کسی اور کو صلیب پر لٹکانا صریح ظلم تھا- اور اگر اس شخص کی مرضی سے لٹکایا گیا تھا تو اس کا ثبوت تاریخ میں ہونا چاہئے- پھر اگر مسیح کو خدا نے آسمان پر اٹھا لینا تھا- تو کسی اور غریب کو صلیب پر چڑھانے کی ضرورت ہی کیا تھی؟ پس یہ غلط ہے کہ مسیح کی جگہ کسی اور کو صلیب پر لٹکایا گیا- اور یہ بھی کہ انہیں آسمان پر اٹھا لیا گیا- دوسری طرف آپ نے یہود اور مسیحیوں کی بھی تردید کی کہ مسیح صلیب پر مر گیا تھا اور ثابت کیا کہ حضرت مسیح کو صلیب سے زندہ اتار لیا گیا تھا اور اس طرح خدا نے ان کو لعنتی موت سے بچا لیا-