انوارالعلوم (جلد 10) — Page 84
۸۴ حقیقت پہنچادی جائے تاکہ مسلمانوں میں ایک مضبوط جماعت پیدا ہو جائے۔پچھلے سال مالی حالت بہت کمزور تھی مگر جماعت نے مجلس مشاورت پر جو وعدہ کیا اسے بڑی و دیانتداری سے پورا کیا اور یک لخت اس طرح ترقی ہوئی کہ بہت کچھ کمی پوری ہوگئی گوسال کے آخری مہینہ میں کمی رہی۔شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ ۹ مہینے کے بعد دوستوں کو وعدہ بھول گیا مگر مومن جو وعدہ کرتا ہے اسے کبھی نہیں بھولا کرتا۔جماعت کو چاہئے کہ ہر وقت دین کے لئے قربانی کرنے کے لئے تیار رہے اور اپنا قدم آگے ہی آگے بڑھاۓ اگر یہی جوش جاری رہے جو اس سال دکھایا گیا ہے تو ایک دو سال کے اندر تمام فنڈز کے قرضے دُور ہو سکتے ہیں اور ایسی سہولت پیدا ہو سکتی ہے کہ چنده خاص لینے کی ضرورت ہی باقی نہ رہے۔اس سال ریزرو فنڈ کے قیام کی تجویز کی گئی تھی مگر جماعت نے اس کی طرف بہت کم توجہ کی ہے اور بہت تھوڑی رقمیں آئی ہیں اتنی بھی نہیں جو ہنگامی بوجھ کو برداشت کر سکتیں۔ساری رقم دس ہزار کے قریب جمع ہوئی اور اس سے زیادہ ٹریکٹوں، اشتہاروں اور مبلغوں کے دوروں پر خرچ ہو گئی اس طرح ریزرو فنڈ کی تحریک آئندہ کے لئے ریزرو رہ گئی۔امید ہے دوست اب اس کی طرف توجہ کریں گے تاکہ یہ فنڈ قائم ہو جائے۔اس سال تبلیغی کام جو بیرونی ممالک میں ہوا اس میں مسلم پولیٹکل لیگ انڈین کا قیام خاص طور پر قابل ذکر ہے۔میں نے یہ دیکھ کر کہ مسلمانوں کے حقوق اور مطالبات انگریزی قوم سے مخفی میں احمدی مبلّغوں کو لندن میں مسلم پولیٹکل لیگ قائم کرنے کا حکم دیا ہے جو قائم ہوگئی اور اس نے اپنا کام شروع کر رکھا ہے۔اسی طرح ایک دوست کو ولایت میں پولیٹیکل کام کرنے کی خداتعالی نے توفیق دی۔اگرچہ وہ پنجاب کونسل کے مسلمان ممبروں کی طرف سے گئے تھے مگر ان کا تعلق ہماری جماعت سے ہے اور انہوں نے بہت کام کیا ہے وہ چوہدری ظفر اللہ خان صاحب ہیں ان کو خدا تعالی نے مسلمانوں کے حقوق کے متعلق ولایت میں کام کرنے کی توفیق بخشی۔اس سال انگلستان میں ایسے لوگ مسلمان ہوئے ہیں جو علمی لحاظ سے خاص حیثیت رکھتے ہیں۔اور ایسے ہی اور لوگ سلسلہ کے متعلق واقفیت حاصل کر رہے ہیں ان میں سے کئی ایک تیار ہیں کہ داخلِ سلسلہ ہو جائیں۔امریکہ میں بھی بہت اچھا کام ہوا ہے۔وہاں کے مبلّغ محمد یوسف خان صاحب ابھی واپس آئے ہیں۔امریکہ میں کئی بلکہ مشن قائم ہو گئے ہیں۔کل ہی ایک امریکن کا خط آیا ہے جس نے لکھا ہے