انوارالعلوم (جلد 10) — Page 67
۶۷ دسمبر سے لے کر 18 دسمبر تک بیماری میں مبتلاء رہا۔انفلوئنزا کا اثر چونکہ دل پر زیادہ پڑتا ہے۔اس لئے میں اس دفعہ اتنی طاقت محسوس نہیں کرتا کہ میں تقریر کر سکوں سوائے اس کے کہ خدا تعالی خاص طور پر طاقت دے دے اور اس کا منشاء ہو کہ میں تقریر کروں۔میں اُمید کرتا ہوں کہ دوست جس غرض کے لئے یہاں آئے ہیں اُسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے اور اطمینان سے تقریر سنیں گے اور اس بات کا خیال نہ کریں گے کہ کچھ دوستوں کی غلطی سے جلسہ گاہ تنگ بنائی گئی ہے۔چونکہ اس وقت اس کا ازالہ نہیں ہو سکتا اس لئے اس کا خمیازہ سب دوستوں کو بھگتنا چاہئے اور اس تکلیف کو برداشت کرنا چاہئے۔میں جانتا ہوں کہ کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں کہ اگر تنگ ہو کر بیٹھیں تو ان کے اعضاء میں درد شروع ہو جاتا ہے اس لئے آئنده جلسہ گاہ اتنی ہونی چاہئے کہ تنگ ہو کر بیٹھنے کے لئے نہ کہنا پڑے اور دوست اطمینان سے بیٹھ کر تقریر سکیں۔اس سال ایک نیا انتظام کیا گیا ہے۔میں پہلے اس کے متعلق کچھ کہنا چاہتا ہوں۔وہ انتظام یہ ہے کہ میرے متعلق پہرہ پہلے کی نسبت زیادہ کر دیا گیا ہے۔اس کی دو وجہیں ہیں ایک وجہ تو یہ ہے کہ بیماری کی وجہ سے میں ہجوم کے بوجھ کو پہلے کی طرح برداشت نہیں کر سکتا۔پہلے بھی بعض دفعہ ہجوم کے دباؤ کی وجہ سے مجھے اعصابی تکلیف معلوم ہوتی تھی اور دل پر بہت بوجھ پڑتا تھا۔پس اس دفعہ بیماری کی وجہ سے ایسا انتظام کیا گیا ہے کہ مجھ پر لوگوں کا ہجوم نہ ہو اور مصافحہ انتظام کے ساتھ ہو۔دوسری وجہ یہ ہے کہ متعدد جگہوں سے اطلاعیں آئی ہیں کہ دشمنان اسلام اور دشمنان سلسلہ احمدیہ اس قسم کی تجویزیں کر رہے ہیں کہ مجھ پر حملہ کیا جائے۔بعض معزز غیر احمدیوں نے بھی نہایت گھبراہٹ سے مجھے خطوط لکھے ہیں کہ بعض غیرمذاہب کے لوگوں کی طرف سے اس قسم کی باتیں ہورہی ہیں۔اس کے علاوہ یہ بات بھی ہے کہ بیسیوں لوگوں نے اس قسم کی خوابیں دیکھیں ہیں جن میں خطرہ دکھایا گیا ہے اور انہوں نے تحریک کی ہے کہ حفاظت کا ایسا انتظام کیا جائے کہ وہ لوگ قریب نہ پہنچیں جن کے متعلق پوری واقفیت نہ ہو تو ایک طرف احمدیوں غیراحمدیوں بلکہ غیر مذاہب کے لوگوں کی طرف سے اس قسم کی اطلاعوں کی وجہ سے اور دوسری طرف خوابوں کی وجہ سے اس دفعہ ایسا انتظام کیاگیا ہے کہ میرے ارد گرد بے قاعدہ ہجوم نہ ہو اسی وجہ سے مسجد میں بھی میرے گزرنے کے وقت فاصلہ رکھا جاتا ہے۔گومذہبی لحاظ سے خدا تعالی کے رستہ میں مارا جانا بہت