انوارالعلوم (جلد 10) — Page x
انوار العلوم جلد ۱۰ 1 تعارف کتب بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُوْلِهِ الْكَرِيمِ تعارف كتب یہ انوارالعلوم کی دسویں جلد ہے جو سیدنا حضرت فضل عمر خلیفة المسیح الثانی کی ستمبر ۱۹۲۷ء تا اگست ۱۹۲۹ء مختلف تقاریر و تحریرات پر مشتمل ہے۔ (۱) مسلمانوں کی انفرادی اور قومی ذمہ داریاں ستمبر ۱۹۲۷ء کو الفنسٹن ہال شملہ میں نواب سر ذوالفقار علی خان صاحب کی صدارت میں ایک وسیع جلسہ منعقد ہوا۔ اس میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی نے مسلمانوں کی انفرادی اور قومی ذمہ داریاں" کے موضوع پر ایک بصیرت افروز لیکچر دیا جو تین گھنٹے تک جاری رہا۔ حضور کی اس تقریر کو حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی نے اختصار کے ساتھ قلمبند کیا اور بعد ازاں دسمبر۷ ۱۹۲ء میں لیکچر شملہ" کے نام سے شائع کر دیا۔ حضور نے اس خطاب میں نہایت مدلل اور مؤثر انداز میں مسلمانوں کو ان کی انفرادی اور قومی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور انہیں حقیقی اور عملی مسلمان بننے کی تلقین فرمائی۔ آپ فرماتے ہیں:- یاد رکھنا چاہیے کہ قومی ترقی انفرادی ترقی اور قومی ذمہ داریوں کے پورا کرنے کے بغیر نہیں ہو سکتی۔ جب تک وہ ذمہ داری جو ہم میں سے ہر ایک پر قوم کا ایک ایک فرد ہونے کی حیثیت سے ہے اُسے پورا نہ کریں اور اس ذمہ داری کو جو قومی حیثیت سے سب پر ہے پورا نہ کیا جائے قوم میں زندگی کے آثار پیدا نہیں ہو سکتے۔“