انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 534 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 534

۵۳۴ کتاب ہو سکتی ہے- جسے خدا تعالیٰ اپنے کلام کے حقائق سے واقف ہونے کا مستحق سمجھتا ہے، اس پر علم کے دروازے کھول دیتا ہے- لیکن جو خدا تعالیٰ سے دور ہوتا ہے، اسے یہ کتاب ایسی ہی بدنما لگتی ہے جیسی پنڈت دیانند صاحب کو لگی کہ انہیں اس میں کوئی خوبی نظر ہی نہیں آئی- وہ لوگ جو ظاہری علوم کے بڑے بڑے دعوے رکھتے تھے، حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے مقابلہ میں قرآن کریم کے نکات بیان کرنے میں ایسے ہی ہیچ تھے جیسے کمزور دماغ کا انسان ایک اعلیٰ دماغ کے انسان کے مقابلہ میں ہوتا ہے- وہ سوائے اس کے یہ کہتے رہے غلط تاویلیں کرتے ہو، قرآن کو بگاڑتے ہو اور کچھ نہ کر سکے- آج انہی کی زریتیں اور ان کے ساتھی تسلیم کر رہے ہیں کہ آپ نے جو حقائق بیان کئے وہ کسی نے بیان نہیں کئے- عجیب بات ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے قبل سر سید نے قرآن کریم کی تفسیر لکھنی شروع کی- اور قرآنی مطالب کو اس طرح پیش کیا کہ وہ نئی تعلیم کے مطابق معلوم ہوں- اس کے مقابلہ میں حضرت مسیح موعود نے کئی آیات کی ایسی تشریح بیان کی کہ اس وقت یورپ کی تحقیقات اس کے خلاف تھی- مگر اب حضرت مسیح موعود کی بیان کردہ کئی باتوں کی تصدیق اہل یورپ بھی کرنے لگے ہیں اور کئی ابھی باقی ہیں- کیا عجیب بات نہیں کہ ان کی باتیں تو مٹی جا رہی ہیں جنہوں نے زمانہ کے حالات کے مطابق کہی تھیں مگر حضرت مسیح موعود کی فرمودہ باتیں اب مخالف بھی مانتے جا رہے ہیں- غرض لایمسہ الاالمطھرون سچے کلام الٰہی کے پرکھنے کا معیار ہے کہ جتنا کوئی باطنی علوم میں ترقی کرے گا، اتنا ہی زیادہ اس کلام کے سمجھنے میں ترقی کرے گا- جس کتاب کے متعلق یہ بات پائی جائے گی وہی خدا کی طرف سے ہو گی- یہ دوسرے معنی ہیں اس آیت کے- یہ معنی نہیں کہ کوئی ناپاک ہاتھ قرآن کو نہیں لگا سکتا- یہ مس تو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں بھی ہوا- حضرت عمر ؓ کے متعلق آتا ہے- مسلمان ہونے سے قبل انہوں نے بہن سے قرآن مانگا، انہوں نے باوجود ان کے مشرک ہونے کے ان کے ہاتھ میں دے دیا- بات یہ ہے کہ قرآن کریم کی حقیقت پر واقف ہونے کے لئے ضروری ہے کہ انسان خدا تعالیٰ کی محبت اپنے دل میں پیدا کرے اور تقویٰ و طہارت اختیار کرے- آگے اس کے کئی مدارج ہیں- کئی لوگ ہوتے ہیں جو اعلیٰ درجہ کو سامنے رکھ کر مایوس ہو جاتے ہیں اور سمجھ لیتے