انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 468 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 468

۴۶۸ کوئی دلیل نہیں- جس ملک میں ایسی اقوام بستی ہوں کہ جو اپنی جداگانہ تہذیب اور جداگانہ مذہب رکھتی ہوں اور ان کے درمیان میں ایک لمبے عرصہ سے جھگڑے اور مناقشے ہوں، ان کے متعلق کوئی نہ کوئی احتیاط کرنی ضروری ہوگی ورنہ چھوٹی قوم کی تباہی یقینی ہو جائے گی اور اس کی ذمہ داری اکثریت پر ہی ہوگی- کیونکہ ایسے جھگڑوں کے موقعوں پر اکثریت ہی کے بس میں ہوتا ہے کہ وہ اقلیت کو اطمینان دلائے- پس حق تو یہ تھا کہ خود ہندو صاحبان مسلمانوں سے کہتے کہ آپ کو اطمینان دلانے کا طریق یہ ہے کہ آپ اپنے نمائندے الگ منتخب کریں- اور ہم اپنے نمائندے الگ منتخب کریں گے- لیکن تعجب ہے کہ وہ مسلمانوں کے علاج پیش کرنے پر بھی اسے قبول کرنے کے لئے تیار نہیںہیں- جُداگانہ انتخاب افتراق کا موجب نہیں کہا جاتا ہے کہ جُداگانہ انتخاب سے افتراق پیدا ہوتا ہے مگر یہ ایک دھوکا ہے جس کا رد اصولاً تو میں اوپر بیان کر چکا ہوں- اب واقعات کی طرف توجہ دلاتا ہوں اور پوچھتا ہوں کہ کیا ہندو مسلمانوں میں اختلاف جداگانہ انتخاب سے پہلے کا ہے یا پیچھے کا؟ اگر بعد کا ہے تو میں پوچھتا ہوں کہ اس طریق فیصلہ سے پہلے مسلمانوں کی نسبت مختلف گورنمنٹ کے محکموں میں کیا تھی؟ اگر یہ واقعہ ہے کہ پہلے مسلمانوں کو پورا حق ملا کرتا تھا تو پھر بیشک کہا جائے گا کہ اس سے پہلے ہندوؤں کو مسلمانوں سے تعصب نہ تھا- لیکن اگر پہلے موجودہ حالت سے بھی بدتر حال تھا تو ماننا پڑے گا کہ جداگانہ انتخاب سے تعصب نہیں پیدا ہوا بلکہ تعصب کی وجہ سے مسلمانوں کو جداگانہ انتخاب کا خیال پیدا ہوا ہے- اور اگر یہ ثابت بھی ہو جائے کہ آج کل پہلے سے زیادہ تعصب کی صورت پیدا ہے تو اس کا باعث جداگانہ انتخاب کو قرار نہیں دیا جائے گا، بلکہ ہندوؤں کی اس بے چینی کو کہ جو حقوق وہ پہلے بلاشرکت غیرے استعمال کر رہے تھے، اب مسلمان بھی کسی قدر ان میں حصہ لے رہے ہیں- میں اس قصہ کو ختم کرنے سے پہلے یہ کہے بغیر نہیں رہ سکتا کہ نیابت کی اصل غرض ایک قوم کے صحیح خیالات کی ترجمانی ہوتی ہے- اور اس میں کوئی شک نہیں کہ صحیح ترجمانی ایک قوم کی اس کا ہم مذہب ہی اچھی طرح کر سکتا ہے- ہمیں یہ بات نہیں بھلانی چاہئے کہ الیکشن کے وقت عارضی اور جوش دلانے والے سوالات اٹھا کر ووٹ حاصل کر لئے جاتے ہیں- لیکن دوران اجلاس کونسل میں بیسیوں نئے سوال پیدا ہو جاتے ہیں جن کا خود انتخاب کرنے والوں کو