انوارالعلوم (جلد 10)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 135 of 700

انوارالعلوم (جلد 10) — Page 135

۱۳۵ تمہاری طاقت ہم تب تسلیم کریں گے جب تم زہر کھا کر مر جاؤ- یہ اس کی طاقت کی علامت نہیں بلکہ اُلٹ ہے- پس خدا تعالیٰ کے کامل ہونے کے یہ معنی نہیں کہ اس میں نقائص اور کمزوریاں بھی ہوں- دراصل ان لوگوں نے قدرت کے معنے نہیں سمجھے- کیا اگر کوئی کہے کہ میں بہت طاقتور ہوں تو اسے کہا جائے گا کہ اگر طاقتور ہو تو نجاست کھا لو- یہ طاقت کی علامت نہیں بلکہ یہ کمزوری ہے اور کمزوری خدا تعالیٰ میں پیدا نہیں ہو سکتی کیونکہ وہ کامل ہستی ہے- (۷) ایک ساتواں گروہ تھا- جس کا یہ عقیدہ تھا کہ خدا قضا ؤ قدر جاری کرنے کے بعد خالی ہاتھ ہو بیٹھا ہے- اس لئے کسی کی دعا نہیں سن سکتا- ان کے متعلق حضرت مسیحموعودعلیہ الصلوۃ والسلام نے یہ فرمایا- بے شک خدا تعالیٰ نے قضا و قدر جاری کی ہے مگر ان میں سے ایک قضاء یہ بھی ہے کہ جب بندے دعائیں مانگیں تو ان کی دعا سنوں گا- یہ کتنا چھوٹا لیکن کیسا تسلی بخش جواب ہے- فرماتے ہیں بے شک خدا نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بندہ بدپرہیزی کرے تو بیمار ہو مگر اس کے ساتھ ہی یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اگر وہ گڑ گڑا کر دعا مانگے تو اچھا بھی کر دیا جائے- پس باوجود قضا و قدر جاری ہونے کے خدا کا عمل تصرف بھی جاری ہے- اس جواب کے علاوہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے عملی طور پر بھی دعا کی قبولیت کے ثبوت پیش فرمائے- (۸) خدا تعالیٰ کی صفات کے اجرا کے متعلق بھی اختلاف پیدا ہو گیا تھا- آپ نے اسے بھی دور کیا اور بتایا کہ خدا تعالیٰ کی ہر ایک صفت کا ایک دائرہ ہے ایک ہی وقت میں وہ رحیم ہے اور اسی وقت میں شدید العقاب بھی ہے ایک شخص جسے پھانسی کی سزا ملی وہ چونکہ مجرم ہے اس لئے اسے خدا تعالیٰ کی صفت شدید العقاب کے ماتحت سزا ملی- مگر جہاں اس کی جان نکل رہی تھی وہاں ایسی تائیدیں جو موت سے تعلق نہیں رکھتیں وہ بھی اس کے لئے جاری تھیں انسانوں کی یہ حالت نہیں ہو سکتی کہ ایک ہی وقت میں ان کی ساری صفات ظاہر ہوں یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک انسان رحم بھی کر رہا ہو اور اسی وقت ویسے ہی زور سے عذاب کا اظہار بھی کر رہا ہو- مگر خدا تعالیٰ چونکہ کامل ہے اس لئے ایک ہی وقت اس کی ساری صفات یکساں زور سے ظاہر ہو سکتی ہیں- اگر ایسا نہ ہو تو دنیا تباہ ہو جائے- اگر خدا تعالیٰ کا غضب نازل ہو رہا ہو اور ساتھ رحم نہ ہو تو دنیا تباہ ہو جائے- اسی طرح اگر خدا تعالیٰ کا صرف رحم جاری ہو اور غضب بند ہو جائے تو مجرم چھوٹ جائیں اور اس طرح بھی تباہی برپا ہو جائے- پس خدا تعالیٰ کی