اصحاب احمد (جلد 3) — Page 2
لئے لائے۔حضور نے کیا انقلاب پیدا کیا؟ اس کا سب سے بڑا جواب پاکبازوں کی وہ جماعت ہے جن کو کو اغیار اَرَاذِلُنَا بَادِيَ الرَّاءِ کہتے ہوں۔لیکن یہی لوگ حقیقی مومن اور راستباز ہیں اور ان میں سے ہر ایک کی زندگی ایک مفتوح کتاب ہے جس میں حضور کی معجز نمائی نظر آتی ہے۔وہ ایک آئینہ ہے جس میں حضور کی اپنی مطہر حیات کا عکس دکھائی دیتا ہے۔اس لئے ضروری ہے کہ اس مقدس گروہ کے سوانح حیات محفوظ کئے جائیں قبیل از میں حضرت عرفانی صاحب نے ایک نادر خزینہ جمع کیا ہے۔کچھ عرصہ سے خاکسار بھی اس امر میں تگ ودو کر رہا ہے۔اس کام کی تکمیل میں احباب بہت کچھ مدد دے سکتے ہیں۔اول جو صحابہ وفات پاچکے ہیں یا زندہ ہیں اُن کے سوانح خاکسار کو تحریر کر کے ارسال فرما ئیں۔دوم جو کتب شائع ہوں ان کو خریدیں تا کہ جلد از جلد کتب شائع کر کے مواد محفوظ کر دیا جائے۔ہر دو امور کی طرف سید نا حضرت خلیفۃ المسیح الثانی ایدہ اللہ تعالیٰ نے جلسہ سالانہ ۱۹۵۵ء میں خاکسار کا ذکر کر کے توجہ بھی دلائی تھی۔ذیل میں محترم خان صاحب منشی برکت علی صاحب شملوی ان کی والدہ محترمہ اور ان کی اہلیہ محترمہ گویا تین صحابیوں کے سوانح درج کئے جاتے ہیں۔یہ سوانح خان صاحب محترم سے حاصل ہوئے ہیں۔حوالجات تنگئی وقت کے باعث خاکسار زیادہ تلاش نہیں کر سکا۔مضمون کی تدوین میں آپ کے عزیز محترم شیخ خورشید احمد صاحب نائب مدیر الفضل نے بھی میری مددفرمائی ہے۔فَجَزَاهُ اللَّهُ اَحْسَنُ الْجَزَاء۔