اصحاب احمد (جلد 2)

by Other Authors

Page 441 of 798

اصحاب احمد (جلد 2) — Page 441

441 ملنا ہے اور ان سے بھی انشاء اللہ محض اس کام کے لئے وقت لوں گا اور پھر فوجی حکام سے بھی ملنے کی کوشش کروں گا۔مگر بیشتر اس کے کہ میں حکام سے ملوں اور گفتگو کروں حضور سے بعض امور کا عرض کرنا ضروری سمجھتا ہوں کیوں کہ حکام سے بات کرنی آسان ہے۔مگر اس کے نتائج کی سنبھال اور نبھاؤ مشکل ہوتا ہے۔مثلاً واراون کے متعلق میرے خیال میں ہم کو ایک حد تک ناکامی ہوئی ہے۔یہ بات الگ ہے کہ بہت سے احمدیوں نے فرداً فرداً حصہ لیا ہے۔مگر چونکہ جو مجموعی طور سے گورنمنٹ تک بات پہنچی ہے وہ بہت کم ہے۔میرے خیال میں اگر پانچ دس ہزار کی رقم بھی ہوتی تو بات تھی۔فردا فردا جو لوگوں نے دیا۔اس میں یہ کسی نے ظاہر نہیں کیا کہ وہ احمدی ہے۔اس لئے یہ رقم جو ہم نے بھیجی بہت قلیل ہے۔اسی طرح اب جو لوگ فوجی خدمات دے رہے ہیں وہ دے رہے ہیں ان کی تعداد کا صحیح علم نہ ہم کو اور نہ گورنمنٹ کو ہے اور ہم کہہ سکتے ہیں کہ بہت لوگ ہماری گورنمنٹ کی خدمت کر رہے ہیں۔گومگو کا معاملہ ہے۔مگر اگر ہم ایک خاص امر پیش کریں اور گورنمنٹ منظور کرے اور نتیجہ نیچے نکلے تو بجائے فائدے کے خرابی پیدا ہو۔مثلاً ہم نے ایک ڈبل کمپنی یا پلٹن کے لئے درخواست کی اگر گورنمنٹ نے منظور کر لی اور بھرتی کے وقت یہ تعداد پوری نہ ہوئی تو اس سے الٹا نقصان کا احتمال ہے اور گورنمنٹ احمدیوں کی محض ایک لن ترانی تصور کرے گی اور سمجھ لے گی کہ یہ صرف منہ سے کہتے ہیں اور ان میں دراصل کوئی کس بل نہیں۔تو اس سے رہا سہا بھرم بھی جاتا رہے گا اسی طرح اگر ہم کوئی عملی خدمت نہیں کرتے تو بھی ہمارے لئے گورنمنٹ میں کوئی وقعت نہیں پیدا کرتے صرف منہ سے وفاداری کا اظہار کیا کام دے سکتا ہے اور کاغذ کی ناؤ کب تک چل سکتی ہے۔پس حضور خوب غور کر کے اور قوم کا اندازہ کر کے تحریر فرمائیں۔اور قوم سے اگر ممکن ہو دریافت بھی کسی نہج سے کر لیں کہ وہ فوجی خدمت کے لئے تیار ہے بھی کہ نہیں یا تیار کئے سے تیار ہو جائے گی۔حضور جانتے ہیں جن کو اور ذرائع سے کافی آمدنی ہے وہ تو اس امر کو نہیں مانیں گے الا ماشاء اللہ اور جن کو آمدنی ایسی نہیں وہ صرف زمیندار قوم ہے۔سو مجھ کو ان میں بھی اس امر کے لئے تیار نظر نہیں آتے۔پس حضور خوب غور کر کے تحریر فرمائیں کہ آیا یہ درخواست کی جائے اور کس پیرا یہ میں جو ہر طرح ہمارے لئے مفید ہو۔۲۔دوسرے میری منشاء ہے کہ خانہ بدوش قوموں کی آبادی کے لئے گورنمنٹ جو اراضی دیتی ہے جیسا کہ پیغامیوں کو ملی ہے اس کے لئے بھی کہوں پس اس کے متعلق بھی مناسب ہدایت فرمائی جائے۔۔اسی طرح اور امور کے متعلق بھی کافی ہدایت فرمائی جائے۔جنگی قرضہ War Loan (مؤلف)