ارضِ بلال

by Other Authors

Page 295 of 336

ارضِ بلال — Page 295

ارض بلال- میری یادیں ) ان کی رہائش میں نے اندرون شہر ممبران اسمبلی کے ہاسٹل میں کر دی۔یہاں پر ہر ممبر اسمبلی کو ایک کمرہ الاٹ ہوتا ہے۔ان میں سے دو احمدی اسمبلی ممبروں نے اپنے کمرے ہمیں دے دیے۔اسی روز شام کو میں ڈاکٹر صاحب اور ان کی فیملی کو اپنی کار میں شہر دکھانے کے لئے لے گیا۔ڈاکار کے ہر طرف سمندر ہے اور ہر جانب ساحل سمندر کے ساتھ ساتھ سڑک بنی ہوئی ہے۔کچھ دیر کے بعد ہم لوگ گھر آگئے۔نصف شب کے قریب ڈاکٹر صاحب نے میرے دروازہ پر دستک دی۔پوچھنے پر کہنے لگے کہ میری بیگم صاحبہ کی طبیعت ناساز ہے اور ہسپتال جانا چاہتے ہیں۔میں نے انہیں ساتھ لیا اور ہسپتال پہنچا دیا۔ہسپتال کی انتظامیہ نے انکی اہلیہ کو داخل کرلیا۔میں ساری رات کار میں لیٹا رہا۔صبح ڈاکٹر صاحب میرے پاس تشریف لائے اور کہنے لگے کہ یہ درد کسی اور وجہ سے تھی اور ڈاکٹر نے ہمیں فارغ کر دیا ہے۔ہم لوگ واپس گھر آگئے۔اس روز پھر میں انہیں شام کے قریب کار پر تفریح کے لئے ساحل سمندر کی طرف لے گیا۔جب ہوا خوری کے بعد واپس اپنے ہاسٹل کی طرف آرہے تھے راستہ میں سڑک کی ایک جانب ایک پرائیویٹ ہسپتال کی بہت عالیشان عمارت نظر آئی۔ڈاکٹر صاحب مجھے کہنے لگے کہ اگر اس ہسپتال میں ڈلیوری کا انتظام ہو جائے تو بہت اچھا رہے گا۔میں نے انہیں بتایا کہ کیونکہ یہ پرائیویٹ ادارہ ہے اس لئے خاصا مہنگا ہوگا۔بہر حال کوشش کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔یہ ہسپتال ایک لبنانی آدمی کا تھا۔میں نے ہسپتال میں جا کر اس کے مالک سے بات کی اور بتایا کہ میرے یہ مہمان لائبیریا سے مہاجر ہو کر آئے ہیں۔اگر ممکن ہو تو ہمیں اخراجات میں کچھ رعایت کر دیں۔اس لبنانی دوست نے بڑی فراخدلی سے نصف اخراجات منہا کر دیے۔میں نے اسی وقت حضرت خلیفتہ المسیح الرابع" کی خدمت اقدس میں فیکس بھیجی اور اخراجات کی منظوری کے لئے استدعا کی جس کا جواب اثبات میں اگلے روز مل گیا۔اللہ تعالیٰ کا کرنا ایسا ہوا کہ اسی روز ہی ہسپتال جانے کی ضرورت پیش آگئی اور اللہ تعالیٰ نے ڈاکٹر صاحب کو بیٹی سے نوازا۔295