ارضِ بلال

by Other Authors

Page 144 of 336

ارضِ بلال — Page 144

مخالفت و ایذارسانی ارض بلال۔میری یادیں جب آپ کے والد کو ان کے احمدی ہونے کا علم ہوا تو وہ سخت پریشان ہو گئے کیونکہ ان کے نزدیک یہ خبر تو انکے پورے خاندان کے لئے باعث ندامت اور رسوائی تھی۔اس پر ان کے والد صاحب نے ان کو بہت سمجھایا۔اپنے خاندان کی عزت کا واسطہ دیا اور بتایا اس طرح ہماری دنیاوی اور سیاسی ساکھ واحترام پورے علاقہ میں متاثر ہوگی۔مگر آپ اپنے فیصلہ پر قائم رہے۔آپ کے والد صاحب نے سارے ممکنہ حربے آزما لئے مگر ان کی ساری کوششیں رائیگاں گئیں۔اس پر ان کے والد صاحب نے ان کو جائداد سے محروم کر دیا۔اس وقت تک ابھی آپ کی شادی بھی نہ ہوئی تھی ہمنگنی ہو چکی تھی۔آپ کے والد صاحب نے لڑکی والوں سے کہہ کر وہ رشتہ بھی ختم کرادیا لیکن یہ سارے ظلم وستم اور بیجا سختیاں بجائے ان کے حوصلے پست کرنے کے ان کے ازدیاد ایمان کا باعث بنتے چلے گئے۔اہل خانہ کے نارواسلوک اور پھر جائداد سے بے دخل کرنے پر آپ نے ایک کلہاڑا اٹھایا اور قریبی جنگل میں چلے گئے۔اس زمانہ میں فرافینی کے مضافات ایک جنگل کی طرح تھے۔آپ نے ایک طرف سے جنگل کو کاٹ کر اسے میدان بنانا شروع کر دیا۔اس دور میں ملکی قوانین کے موافق ہر زمیندارا اپنی ضرورت کے مطابق اس جنگل کا کچھ حصہ حسب ضرورت صاف کر کے اسے کھیت بنالیتا اور پھر اسے زیر کاشت لے آتا اور وہ قطعہ اراضی اس شخص کی جائداد بن جاتا تھا۔ملکی قوانین کے مطابق وہ شخص اس کھیت کو جب تک چاہے استعمال کرسکتا تھا مگر اسے آگے فروخت نہ کر سکتا تھا۔آپ اس وقت عالم شباب میں تھے اور ویسے بھی ماشاء اللہ بڑے قد کاٹھ اور مضبوط جسم کے مالک تھے اور پھر عزم و ہمت نے بھی ساتھ دیا۔اس طرح اپنی جہد مسلسل سے کچھ عرصہ بعد آپ نے اپنے لئے ایک بڑا قطعہ اراضی اپنی کھیتی باڑی کے لئے تیار کر لیا جس پر سارے گاؤں والے حیران و ششدر رہ گئے۔144